دیوریا: ضلع میں ایک شکایت کے جانچ کے دوران قصوروار ڈاکٹر کی مشتبہ حالات میں حرکت قلب بند ہونے سے موت ہوگئی۔ اس واقعہ سے ناراض ڈاکٹروں نے طبی خدمات بند کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ ایس ڈی ایم صدر دنیش گپتا نے بتایا کہ شہر کی نئی کالونی کے باشندے ایک سیاسی لیڈر کے پی ترپاٹھی نے ضلع مجسٹریٹ سے ڈاکٹر سجن اگروال کے خلاف بے ضابطگیوں کی شکایت کی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ شکایت کی جانچ کرنے کے لئے اسسٹنٹ چیف میڈیکل افسر سمیت انتظامیہ کے دیگر افسرا کی ایک ٹیم ڈاکٹر اگروال کے اسپتال اور ان کی رہائش گاہ پر گئی ہوئی تھی۔ مسٹر گپتا نے بتایا کہ جانچ ٹیم کے ذریعہ تفتیش کے دوران ہی ڈاکٹر اگروال کی طبیعت خراب ہوگئی اور کچھ دیر کے بعد ان کی موت ہوگئی ۔ دوسری جانب ڈاکٹر اگروال کے یہاں کام کرنے والے ملازمین نے الزام عائد کیا ہے کہ جانچ ٹیم نے ڈاکٹر سے رشوت لینے کامطالبہ کیا تھا۔ لیکن جب وہ نرسنگ ہوم رقم لینے کے لئے گئے تو انہیں دل کا دورہ پڑگیا جس سے ان کی موت ہوگئی۔ اس واقعہ کے خلاف ضلع کے تمام ڈاکٹروں نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے آج ہڑتال کرنے کا اعلان کرتے ہوئے معاملہ کی جانچ کا مطالبہ کیا ہے۔