نئی دہلی ، 8 مارچ (یو این آئی) اپنے ٹیلی ویژن پروگرام “ستیہ میوجیاتے” کے توسط سے ہندوستان کے اخلاقی تانے بانے کو صحت مند بنانے کے عمل میں پوری طرح سے مصروف بالی ووڈ کے مقبول اداکار عامر خان نے کہا کہ جن زمینی حقائق سے انکا سامنا پڑا اس نے انہیں ویران کردیا اور اب وہ جذباتی طور پر کافی نرم دل ہوگئے ہیں۔بین الاقوامی یوم خواتین کے موقع پر کل انڈین ویمن پریس کورز میں تبادلہ خیال کے دوران عامر خان نے کہا کہ “ہاں، اس نے مجھے قوت بخشی ہے، معلومات میں اضافہ کیا ہے اور میرے عزم کو مضبوطی فراہم کی ہے کہ میں لوگوں تک پہنچوں اور ذہنوں کو تبدیل کروں”۔تاہم انہوں نے کہا کہ وہ اس کام کیلئے سیاست میں نہیں آنا چاہتے بلکہ ایک تخلیق کار اور تفریح فراہم کرنے والے فرد کی حیثیت سے اس عمل میں تعاون کرنا اور پالیسی میں تبدیلی لانے کیلئے ریاستی کی حکومت رسائی میں وسعت پیدا کرنا چاہتے ہیں۔
عامر خان نے کہا کہ “یہ تبدیلی راتوں رات نہیں آئے گی لیکن اگر ہم ایک عرصہ میں رفتہ رفتہ اور موثر طریقے سے تبدیلی لانے میں کامیاب ہوگئے تو یہ ایک ثمر آور عمل ہوگا”۔انہوں نے کہا کہ وہ خود کو سماجی کارکن نہیں سمجھتے۔ وہ صرف ایک تفریح فراہم کرنے والے فرد کی حیثیت سے آرزو رکھتے ہیں کہ جس سماجی کاز کو وہ اٹھا رہے ہیں اس سے سماج کی ذہنیت تبدیل ہو۔انہوں نے کہا کہ سماج میں پرانی قدریں اس طرح سے رائج ہیں کہ ہر مقام پر عورتوں کو ذلت و رسوائی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ “زمینی سطح پر سماج میں بیداری پیدا کرنے کے لئے سیاست داں بننے کی ضرورت نہیں ہے”۔ کسی بھی سیاسی پارٹی سے منسلک ہونے کی بات سے انکار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انا ہزارے اور عام آدمی پارٹی کے ذریعہ اٹھائے گئے سوراج کے نظریے سے وہ متفق ہیں لیکن ان کے بارے میں ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔