کانپور (نامہ نگار)۔شیر کے خوف سے کئی گاؤں کے لوگ دہشت کے سایہ میں زندگی گزار رہے ہیں ۔ لوگوں میں شیر کی دہشت اتنی زیادہ ہے کہ وہ اپنے گھروں کے باہر آگ جلا کر لاٹھی ڈنڈوں کے ساتھ پہرا دے رہے ہیں ۔ پولیس کو جب شیر کی اطلاع ملی تو پولیس نے گاؤں میں نگرانی شروع کردی ۔ پولیس اور محکمہ جنگلات کی ٹیم شیر کو تلاش کرتی رہی لیکن شیر کے نشانات نہیں ملے۔ گنگا
بیراج کٹری علاقہ کے درجنوں گاؤں کے لوگ اس وقت خوف کے سایہ میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں ۔ در اصل گاؤں کے لوگوں کو اطلاع ملی تھی کہ اناؤ کے کرمی کھیڑا گاؤں میں شیر کو دیکھا گیا تھا ۔اور شیر اب کٹری علاقہ میں پہنچ گیا ہے ۔ بدھ کی شام شیر نے پہاڑی پور کے باشندے سنتوش کی گائے کے بچہ کا شکار کرلیا تھا۔ اس کی وجہ سے کٹری علاقہ کے تقریبا ایک درجن گاؤں کے لوگ خوفزدہ ہو گئے ۔
آج صبح محکمہ جنگلات کے افسران نے علاقہ میں شیر کی تلاش کی ۔ تلاش کے دوران محکمہ جنگلات کی ٹیم کو پہاڑی پور سے دو کلو پر واقع ایک علاقہ میں گائے کے بچہ کے باقیات اور شیر کے پیروں کے نشان بھی ملے ہیں ۔ جب کہ پولیس اور محکمہ جنگلات کی ٹیم نے کٹری کے جنگلوں میں شیر کو تلاش کیا لیکن شیر کا کوئی سراغ نہیں ملا ۔ ٹیم کے ایک رکن نے بتایا کہ شیر کی آمد سے گاؤں کے لوگ خوفزدہ ہیں اور ہتھیاروں سے لیس ہو کر شیر کو تلاش کررہے ہیں ۔ گاؤں کی ایک عورت نے بتایاکہ شیر نے گائے کے بچہ کا شکار کیا ہے ۔ اس نے بتایا کہ گاؤں کے لوگوں نے بچوں کے گھر سے نکلنے پر پابندی لگا دی ہے ۔ گاؤں کے ہی ایک باشندے وشوناتھ نے بتایا کہ جانوروں کے رہنے کی جگہ پر جھاڑیاں لگا دی گئی ہیں جب کہ شیر سے محفوظ رہنے کے لئے رات میں آگ جلا کر گاؤں کے لوگ گروپ میں لاٹھی ڈنڈوں کے ساتھ نگرانی کر رہے ہیں ۔