حیدرآباد:تلنگانہ اسمبلی میں کل ہند مجلس اتحاد المسلمین کے فلور لیڈر اکبر الدین اویسی کے خلاف بہار پولیس نے گرفتاری کا وارنٹ جاری کیا ہے ۔ کشن گنج کے سپرنٹنڈنٹ پولیس راجیو رنجن نے بتایا کہ سی آر پی سی کے سیکشن 144 کے تحت یہ کارروائی کی گئی ہے ۔ اکبر الدین اویسی کے خلاف پیر کو بہار کے کوچہ دامن پولیس اسٹیشن میں سیکشن153 اے اور188 کے تحت معاملہ درج کیا گیا تھا ۔ کشن گنج کے ایس پی راجیو رنجن نے اکبر اویسی کی گرفتاری سے متعلق سوال پر کہا کہ پولیس قانون کے مطابق کام کرے گی ۔ ان کا کہنا تھا کہ ایف آئی آر درج کرنے کے بعد پولیس کی کارروائی ناگزیر ہوجاتی ہے اور اسی کے تحت گرفتاری کا عمل بھی پورا کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں ایک ٹیم کی بھی تشکیل عمل میں لائی گئی ہے ۔ یہ پوچھنے جانے پر کہ کیا یہ ٹیم حیدرآباد جائے گی تو انہوں نے کہا کہ پولیس کارروائی کے تحت اقدامات کئے جائیں گے ۔ اکبر اویسی کو کب تک گرفتار کیا جائے گا اس سوال پر ایس پی نے کہا کہ پولیس قانون کے مطابق کام کررہی ہے اور جو بھی کارروائی ہوگی اس سلسلہ میں میڈیا کو واقف کروایا جائے گا ۔ واضح رہے کہ اتوار کو بہار کے کشن گنج میں مجلس کے رہنما اکبراویسی کی تقریر کے خلاف پولیس میں شکایت درج کرائی گئی تھی اور اسی کے پیش نظر ایف آئی آر درج کی گئی تھی ۔ اسی دوران بہار مجلس یونٹ کے جنرل سکریٹری آفتاب احمد نے اکبراویسی کی گرفتاری کے وارنٹ کی مذمت کی ہے ۔ انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہاکہ سیمانچل میں مجلس کو آنے سے روکنے کے لیے یہ وارنٹ جاری کیا گیا ہے ۔ انہوں نے سوال کیا کہ لالو پرساد یادو اور دوسرے لیڈروں کے خلاف بھی وارنٹ جاری کیا گیا لیکن ان کی گرفتاری نہیں ہوئی ہے ۔یہ دراصل مجلس کو سیمانچل میں انتخابات میں حصہ لینے سے روکنے کی ایک سازش ہے ۔