کھمم: تلنگانہ کے اس ضلع میں ایک پرائیویٹ بس ناگ ارجن ساگر کی نہر میں گر گئی جس سے کم از کم 10 افراد ہلاک اور 18 زخمی ہوگئے ۔
پولیس نے بتایا ہے کہ بس میں 31 مسافر سوار تھے اور جب یہ المناک حادثہ پیش آیا اس وقت یہ حیدرآباد سے کاکی ناڑہ جارہی تھی۔
حادثہ کا سبب حدسے زیادہ تیز رفتار بتایا جارہا ہے ۔سات افراد نے موقع پر ہی دم توڑ دیا تھا جبکہ باقی لوگ کھمم کے سرکاری اسپتال میں علاج کے دوران چل بسے ۔
حادثہ کے بعد بس کا ڈرائیور فرار ہوگیا ۔ ڈسٹرکٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) شاہنواز قاسم اور ڈی ایس پی سریش کمار راحت کے کام کی نگرانی کرنے موقع پر پہنچ گئے ہیں۔
پولیس نے بتایا کہ کیس درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے ۔
حادثہ کے بیشتر متاثرین آندھرا پردیش کے مشرقی اور مغربی گوداوری ضلعوں سے تعلق رکھتے ہیں ۔ دریں اثناء تلنگانہ کے وزیر اعلی کے چندر شیکھر راؤ اور آندھرا پردیش کے وزیر اعلی این چندرا بابو نائیڈو نے اس المیہ پر صدمہ کا اظہار کیا ہے اور افسران کو ہدایت دی ہے کہ زخمیوں کا اچھے ڈھنگ سے علاج کرایا جائے ۔
انہوں نے غمزدہ کنبوں سے تعزیت بھی کی ہے ۔