حیدرآباد:تلنگانہ میں کئی مقامات پر آج صبح کی اولین ساعتوں میں تقریباً تین گھنٹے تک بارش ہوئی جس کے تحت سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا ۔شہر حیدرآباد کے میاں پور ‘ کوکٹ پلی ‘ پنجہ گٹہ ‘ خیریت آباد ‘ سکندرآباد ‘ بیگم پیٹ ‘ ملک پیٹ ‘ دلسکھ نگر ‘ ایل بی نگر ‘ ونستھلی پورم ‘ حیات نگر اور پرانے شہر کے کئی مقامات پر بارش ہوئی جس سے سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا اور دفاتر جانے والوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔بعض مقامات پر بجلی کی سپلائی میں بھی رکاوٹ پیدا ہوگئی ۔ بارش کے سبب موسم خوشگوار ہوگیا اور گرمی سے پریشان عوام کو راحت ملی ۔اسی دوران محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ تلنگانہ میں آئندہ دو دنوں تک گرج و چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔ محکمہ موسمیات نے اپنے بلیٹن میں کہا کہ چھتیس گڑھ سے جنوبی تمل ناڈوکے درمیان ہوا کے کم دباؤ کے سبب تلنگانہ میں بارش ہوگی ۔بارش کی صورتحال کے سبب درجہ حرارت میں گراوٹ ہوئی ۔ وشاکھا پٹنم کے طوفان سے خبردار کرنے والے مرکز نے کہا ہے کہ وشاکھا پٹنم ‘ چتور اور کڑپہ میں تین سنٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔