جیسلمیر، 16اگست (یو این آئی) وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے بین الاقوامی آرمی اسکاوٹ ماسٹر کمپٹیشن میں شامل ممالک سے اپیل کی کہ تمام ممالک عالمی چیلنجوں کے سے متحد ہوکر لڑیں گے۔
مسٹر سنگھ نے آج اس کمپٹیشن کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس میں شامل ممالک ہمارے دوست ملک ہیں اور اس طرح کے انعقاد سے رشتے مزید مضبوط ہوں گے۔ انہوں نے روس کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہندستان کے روس سے پہلے سے لمبے اور گہرے رشتے رہے ہیں۔ وسطی ایشیا میں قزاقستان وغیرہ کے ساتھ بھی کاروباری اور ثقافتی رشتے ہیں۔ سوڈان میں ایک دہائی سے زیادہ عرصہ سے امن فوج کے لئے ہندستان انمول تعاون دے رہا ہے۔
انہوں نے کہاکہ اس مقابلہ میں شامل تمام شرکا نے دس دن میں اپنی مہارت دکھائی اور مضبوط عزم اور صبر کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایسا موقع تھا جس میں تمام ممالک کے ساتھ دوستی بڑھانے کا موقع ملا۔ اس کمپٹیشن میں ہندستان پہلے نمبر پر رہا ہے۔
اس موقع پر بری فوج کے آرمی چیف بپن راوت اور کئی دیگر اہم حکام بھی موجود تھے۔ مسٹر راجناتھ سنگھ نے سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپئی کی برسی پر انہیں خراج عقیدت بھی پیش کیا۔