نئی دہلی: الیکشن کمیشن نے تمل ناڈو اسمبلی کی دو سیٹوں اروکریچی اور تنجاور کے لئے ہونے والے انتخابات پر تیسری بار روک لگا دی ہے ۔
کمیشن اس سے پہلے دو بار ان سیٹوں کے انتخابات پر روک لگاچکا ہے ۔ یہ روک مختلف جماعتوں اور امیدواروں کے ذریعہ پیسوں کا لالچ دیکر ووٹروں کو لبھانے کے شواہد ملنے کے بعد لگائی گئی تھی.
کمیشن نے اپنے تازہ حکم میں کہا ہے کہ وہ ان دونوں سیٹوں پر انتخابات کے لئے نئے سرے سے نوٹیفکیشن جاری کرے گا۔ ملک کی انتخابی تاریخ میں ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ پیسے بانٹنے کی رپورٹ کے بعد کسی سیٹ کے لئے کمیشن کو تین بار الیکشن روکنا پڑا ہو.
کمیشن نے ان دونوں سیٹوں کے لئے 16 مئی کو ہونے والی ووٹنگ کو ملتوی کرتے ہوئے اس کے لئے 23 مئی کی تاریخ مقرر کی تھی، لیکن 21 مئی کو اس نے یہ تاریخ پھر سے تبدیل کرتے ہوئے اس کے لئے 13 جون کی تاریخ مقرر کی تھی.
ان دونوں سیٹوں سے اپنی قسمت آزما رہے امیدواروں اور متعلقہ جماعتوں کی طرف سے ووٹروں کے درمیان وسیع پیمانے پر پیسے بانٹنے کی خبریں شائع ہوئی تھیں، جس کے بعد کمیشن نے وہاں پولنگ پر روک لگادی تھی.
کمیشن نے کل دیر شام جاری اپنے حکم میں کہا کہ اس نے انتخابی اور مرکزی مبصرین کی خصوصی ٹیموں اور دونوں سیٹوں کی مبصرین کی خصوصی ٹیم کی رپورٹ پر غور کرنے کے بعد یہ فیصلہ کیا ہے ۔