فتح پور؍بارہ بنکی (نامہ نگار)محکمہ توانائی کے ٹھیکہ ملازمین نے اپنی تنخواہوں کی ادائیگی کے سلسلہ میں آج ایک روزہ دھرنا دیا۔ اس سلسلہ میں ایک عرضداشت چیف انجینئر بجلی تقسیم سیکشن فتح پورکودی۔واضح ہو کہ فتح پور بجلی تقسیم سیکشن میں تعینات یومیہ مزدورپردیپ کمار، راکیش کمار، رام پرتاپ ،امبیکا یادو ،شاردا پرساد، لال محمد، رماپتی، نریندر کمار،شیو کرن وغیرہ کام کررہے تھے۔ ان کا کہنا ہے کہ میسرس کے پی انٹرپرائزز
کے تحت جب بجلی تقسیم حلقہ بنا تو ہم لوگ ٹھیکہ پر بطور لائن مین کے کام کرنے لگے۔ انہوں نے کہا کہ پھربھی ہمیں گزشتہ ایک سال سے تنخواہ نہیں دی گئی اور حیلہ حوالہ سے کام لیا گیا۔ اس ہولی کے تہوار کو منانے کے لئے ان کے پاس پیسے نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم لوگوں کو اپنے کنبہ کے لئے دو وقت کی روٹی مہیا کرانا خواب معلوم ہورہاہے۔ادھر حال ہی میں ایک ٹھیکہ ملازم کانشی رام کالائن ٹھیک کرنے کے دوان ایک ہاتھ بری طرح جھلس گیا تھاجس کا علاج کے دوران نصف ہاتھ بھی کٹ گیا۔ اس کے تلافی اور امدادی رقم آج تک محکمہ کی جانب سے نہیں دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ انہی مسائل کے سلسلہ میں سبھی ٹھیکہ ملازمین نے آج دھرنا دیکر مظاہرہ کیا اور اپنی بقایا تنخواہ کے مطالبہ پر مشتمل عرضداشت بجلی انجینئر کو دی۔ملازمین نے کہا کہ اگر ہمارے مطالبہ پر سنجیدگی سے غور نہیں کیا گیا تو ہم دوسرے جمہوری متبادل پر غو کریں گے۔ اور اگر کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آتا ہے تو اس کی ذمہ داری محکمہ کی ہوگی ۔ بجلی تقسیم انجینئر کے اسٹینوں نجیب احمد سے جب معلوم کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ مذکورہ ٹھیکہ ملازمین کی تنخواہ کی ادائیگی کل تک ہوسکتی ہے۔