احمد آباد:نوٹوں کی منسوخی کے بعد سے مچی افرا تفری کے درمیان گجرات میں آج ریاستی حکومت کے چار لاکھ سے زیادہ اہلکاروں اور تقریباً اتنے ہی پنشن یافتگان کے بینک اکاؤنٹس میں تنخواہ / پنشن کی ادائیگی ہونے کی وجہ سے بینکوں اور اے ٹی ایم کے سامنے لوگوں کی طویل قطاریں نظر آئیں۔
اس کے ساتھ ہی مرکزی حکومت اور اس کے بہت سے اداروں نے بھی اپنے اہلکاروں کی تنخواہ آج ہی ادا کی ہے ۔ریاستی حکومت نے نوٹوں کی منسوخی کی وجہ سے پیدا ہوئے نقد بحران کے درمیان اس بار پوری تنخواہ یا اس کے کچھ حصے کی نقد ادائیگی کے مطالبہ کو ٹھکرا دیا تھا۔تنخواہ ہر بار کی طرح اس بار بھی بینک اکاؤنٹس میں ہی دیئے جانے کی وجہ سے آج ایک بار پھر بینکوں اور اے ٹی ایم مشینوں کے سامنے بڑے پیمانے پر بھیڑ دکھائی پڑی۔
نوٹوں کی منسوخی کے بعد سے ہی دکھائی دے رہی طویل قطاریں آج اور بھی طویل تھیں اور کئی مقامات پر علی الصبح سے ہی قطار میں کھڑے تنخواہ یافتگان اور دیگر لوگ بینکوں کے مبینہ من مانے رویہ کی شکایت کرتے بھی نظر آئے ۔