ڈیٹرائٹ امریکہ(وارتا) کار بنانے والی دنیا کی معروف کمپنی فورڈ موٹر کمپنی نے تکنیکی خرابی کے اندیشوں کے پیش نظر ۱۴۔۲۰۱۳ ماڈل کی اپنی ایک لاکھ ۶۰ ہزار کاریں بازار سے واپس منگوالی ہیں۔ کمپنی نے بتا یا کہ ۱۴۔۲۰۱۳ ماڈل کی فوکس ایس ٹی سیڈان اور اسکیپ کراس اوور کاروں وائرنگ کے کنکشن میں کچھ خامی رہ جانے کا اندیشہ ہے۔ جس سے انجن پر خراب اثر پڑسکتاہے کمپنی نے واپس منگوائی گئی دونوں کاروں کی الگ الگ تعداد نہیں بتائی ہے۔ لیکن اس کا کہنا ہے کہ اس میں ایک لاکھ ۳۳ ہزار کاریں امریکہ میں واپس لی گئی ہیں جب کہ بقیہ کاریں کناڈا اور میکسیکو کے بازاروں سے واپس لی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ اسیکپ کراس اوور کمپنی کی امریکہ میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والی کارہے۔ فورڈ کے مطابق اب تک اس خرابی کے سبب کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ اس نے بتایا کہ کمپنی کے ڈیلر اس خرابی کی مفت مرمت کریں گے۔