لکھنؤ(نامہ نگار)گوسائیں گنج علاقہ میں تیز رفتار ٹرک نے بی ٹیک کے ایک طالب علم کو روند دیا۔ زخمی حالت میں طالب علم کو ٹراما سینٹر میں داخل کرایا گیا جہاںدوران علاج اس کی موت ہو گئی۔اس کے علاوہ چنہٹ میں تیز رفتار ہاف ڈالہ گاڑی کی ٹکر سے ٹھیکیدار شدید طور سے زخمی ہو گیا۔ اسے رام منوہر لوہیا اسپتال میںداخل کرایا گیا ہے۔
گوسائیں گنج کے پہاڑ نگر کے رہنے والے اونیش ترویدی بجلی محکمہ میں درجہ چہارم ملازم ہیں۔ وہ اپنی اہلیہ رینو، بیٹے منیش ترویدی(۲۲) اور چاربیٹیوں کے ساتھ رہتے ہیں۔منیش ایس ایم ایس کالج میں بی ٹیک سال آخر کا طالب علم تھا۔ اونیش کے مطابق منیش ۶۱جون کو کھردہی بازار سے کچھ سامان لے کر موٹر سائیکل سے گھر آرہا تھا۔
اس درمیان تیز رفتار ٹرک نے اس کی موٹرسائیکل میں ٹکر مار دی جس سے وہ شدید طور سے زخمی ہو گیا۔ اسے ٹراما سینٹر میں داخل کرایا منیش کے پاس ملے موبائل فون کی مدد سے حادثہ کی اطلاع اس کے گھر والوںکو دی گئی۔ حادثہ کی اطلاع ملنے پر گھر والے اسپتال پہنچے جہاںدوران علاج جمعرات کی شب اس کی موت ہو گئی۔ پولیس نے لاش کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا۔ منیش اپنے والدین کا اکلوتا بیٹا تھا۔
اس کے علاوہ بستی کا رہنے والا دینا ناتھ گومتی نگر کے رسہاپور میں رہ کر ٹھیکیداری کرتا ہے جمعہ کی صبح وہ موٹرسائیکل سے بارہ بنکی کی طرف جارہا تھا کہ چنہٹ واقع آنند موٹرس کے سامنے تیز رفتار ہاف ڈالہ گاڑی نے اس کی موٹرسائیکل میں ٹکر مار دی جس سے وہ لہو لہان ہو گیا ہاف ڈالہ گاڑی کا ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔ راہگیروں نے زخمی کو رام منوہر لوہیااسپتال میں داخل کرایا جہاں اس کی حالت بہتر بتائی جار ہی ہے پولیس ڈرائیور کی تلاش کر رہی ہے۔