۱۹۰۰روپئے ، بیڑی اور ماچس کا پیکٹ برآمد،نہیں ہو سکی شناخت
لکھنو:چار باغ ریلوے اسٹیشن کے نزدیک بنے ریزرویشن مرکز کے پیچھے افسررہائش گاہ کی تیسری منزل سے ایک نوجوان کی پر اسرار حالت میں گر کر موت ہو گئی ۔ نوجوان نے خود چھلانگ لگائی تھی یا اس کو تیسری منزل سے پھینکا گیا ہے۔ فی الحال اس بات کاپتہ نہیں چل سکا ہے۔ مارے گئے نوجوان کی ابھی تک شناخت نہیں ہو پائی ہے۔ حسین گنج کوتوالی انچارج شیو شنکر سنگھ نے بتایاکہ ریزرویشن مرکزکے پیچھے افسر رہائش گاہ ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ بدھ کی شام رہائش گاہ کی تیسری منزل سے ایک ۳۶ سالا نوجوان مشتبہ حالت میںاچانک گر گیا۔ نوجوان کو تیسری منزل سے گرتے دیکھ کر وہاںلوگوں کی بھیڑ جمع ہو گئی۔ سرپر لگی سنگین چوٹ کی وجہ سے نوجوان کی موقع پر ہی موت ہوگئی ۔
اطلاع پا کر موقع پر حسین گنج پولیس پہنچ گئی ۔ پولیس نے آس پاس کے لوگوں کی مدد سے نوجوان کی شناخت کرنے کی کوشش کی ۔ لیکن اس کی شناخت نہیں ہو سکی ۔ نوجوان کے پاس سے پولیس کو ۱۹۰۰روپئے نقد ، بیڑی اور ماچس کا ایک پیکٹ ملا ہے۔
حسین گنج انچارج کا کہنا ہے کہ نوجوان نے تیسری منزل سے کود کر اپنی جان دے دی ۔ وہیں نوجوان کو کودتے ہوئے کسی نے نہیں دیکھا۔ اس بات سے بھی انکار نہیں کیا جا سکتا ہے۔ نوجوان کو تیسری منزل سے شاید کسی نے نیچے پھینک دیا ہے۔ فی الحال حسین گنج پولیس متوفی کی شناخت کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔