لکھنو: قربانی کے تہوار عید الاضحیٰ کے تیسرے دن بھی تہوار کی خماری چھائی رہی۔ جمعہ کو عید الاضحیٰ کے بعد سنیچر کو زیادہ تر دفاتر میں تعطیل اور پھراتوار ملاکر تین دنوںکی چھٹی نے تہوار کا مزہ دوگنا کردیا۔لوگوںنے اپنے رشتے داروں ، دوستوں ،او ر جاننے والوںکے گھر پہنچ کر عید کی مبارک باددی اور ذائقے دار کھانوںکا لطف اٹھایا۔ وہیں شہر کے پارکوں میں بھی بھیڑ جمع رہی ۔ بچوں کے ساتھ پارک پہنچے لوگوں نے جم کر لطف اٹھایا۔
عام طور پر قربانی کا تہوار تین دن چلتا ہے۔ راجدھانی میں جمعہ کے بعد سنیچر کو بھی بڑی تعداد میں لوگوں نے قربانی کرائی۔ لوگوںنے قربانی کے بعد اپنے رشتے داروں اوردوستوں کے ساتھ ہی غریبوں اور ضرورت مندوں کو قربانی کا گوشت تقسیم کیا ۔ قربانی کے تیسرے دن اتوارکو بھی سنیچر کی طرح ہی قدیم لکھنو کے مسلم اکثریتی علاقوںمیں تہوارکا ماحول دیکھنے کو ملا۔ مسلم اکثریتی کی دکانیں بند رہی اور لوگ ایک دوسرے کے گھر جاکر عید ملے۔ لوگوںنے اپنے گھرآئے مہمانوں کا استقبال کباب اور سیوئیوں سے کیا۔ اس موقع پر لوگوںنے بریانی ، قورمہ ، کوفتے ، سمیت طرح طرح کے کھانوں کا لطف اٹھایا۔ شام کو قدیم لکھنو کے پارکوں میں جم کر بھیڑ امنڈی۔لوگوں نے اپنے کنبہ اور بچوں کے ساتھ پارک پہنچ کر فرصت کے لمحے گزارے ۔ اور بچوں میں جھلوں پر جھول کر لطف اٹھایا۔ پارکوںمیں دوپہر بعد سے جمع بھیڑ غروب آفتاب کے بعد کم ہونا شروع ہوئی قدیم لکھنو کے ستکھنڈا پارک ، نیبو پارک ،روم گیٹ ، پتنگ پارک ، نواب آصف الدولہ پارک اور بدھا پارک سمیت آصفی اور چھوٹے امام باڑے میں بھی لوگوں کی بھیڑ جمع رہی۔ لوگوں نے اپنے کنبہ والوں ، دوستوں اوررشتے داروں کے ساتھ پارکوںمیں چھٹی کا مزہ لیا۔