کیپ ٹاؤن ۔۔جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کے کپتان گرام اسمتھ اور ان کے ہم منصب مائیکل کلارک معمول کے برعکس ہفتہ کو شروع ہونے والے سیریز کے فیصلہ کن ٹسٹ کے دوران شدید دباؤ میں رہیں گے۔ مقابلہ میں کامیابی اور سیریز کو اپنی ٹیم کے حق میں کرنے کے معمول کے دباؤ کے علاوہ انفرادی طور پر کپتانوں پر بہتر مظاہرہ کیلئے بھی شدید دباؤ رہے گا کیونکہ دونوں ہی کپتانوں نے سیریز کے ابتدائی دو مقابلوں کی چار اننگز میں خاظر خواہ مظاہرہ نہیں کیا ہے ۔ابتدائی دو ٹسٹ مقابلوں کی چار اننگز میں میزبان جنوبی افریقہ کے کپتان گرام اسمتھ نے 10 ، 4 ، 9 اور 14 رنز اسکور کئے ہیں جبکہ رنوں کا انبار لگانے والے مائیکل کلارک
بھی ان چار اننگز میں 23 ، 17 (ناٹ آؤٹ) ، 19 اور ایک رن اسکور کیا ہے ۔ اسمتھ کیلئے حریف فاسٹ بولر مچل جانسن درد سر بنے ہوئے ہیں کیونکہ چار اننگز میں جانسن نے انہیں تین مرتبہ اپنا شکار بنانے کے علاوہ گزشتہ 10 ٹسٹ مقابلوں میں 8 مرتبہ انہیں پویلین کی راہ دکھائی ہے ۔ جانسن کے علاوہ ٹسٹ مقابلوں میں اسمتھ کو کسی اور بولر نے اتنا پریشان نہیں کیا ہے ، حالانکہ نیوزی لینڈ کے کرس مارٹن نے بھی 11 ٹسٹ مقابلوں میں 8 مرتبہ اسمتھ کو اپنا نشانہ بنایا ہے ۔ دوسری جانب کلارک کیلئے ڈیل اسمتھ مسائل پیدا کر رہے ہیں کیونکہ گزشتہ 13 ٹسٹ مقابلوں میں اسٹین نے 9 مرتبہ کلارک کو آؤٹ کیا ہے ۔ جیمس اینڈرسن نے 23 ٹسٹ اور اسٹیورٹ براڈ 17 ٹسٹ مقابلوں میں9 مرتبہ کلارک کو پویلین کی راہ دکھائی ہے۔ سیریز میں بہتر مظاہرہ نہ کرنے کے باوجود دونوں ہی کپتانوں نے ناقص مظاہروں کی وجہ سے بننے والے دباؤ کو مسترد کردیا ہے ۔ اسمتھ نے کہا ہے کہ 5 ٹسٹ مقابلے قبل انہوں پاکستان کے خلاف ڈبل سنچری اسکور کی ہے اور وہ جانسن کے خلاف بہتر اننگز کیلئے پرعزم ہیں۔