لکھنؤ(نامہ نگار)چنہٹ علاقہ میں چور انڈین آئل کمپنی کے ڈرائیور کے گھر کا تالا توڑ کر ہزاروں روپئے اور لاکھوں کے زیورات چوری کر لے گئے۔ ڈرائیور نے زیورات کو بیٹی کی شادی کیلئے جمع کر رکھا تھا۔ اس معاملہ میں چنہٹ کوتوالی میں چوری کی رپورٹ درج کرائی گئی ہے۔ چنہٹ کے کمتا کا رہنے والا امریش دویدی حضرت گنج واقع انڈین آئل میں گاڑی چلاتا ہے۔ امریش کے کنبہ میں بیوی آشا ایک بیٹی اور ایک بیٹا ہے۔ ان کا بیٹا باہر زیر تعلیم ہے۔ اتوار کی رات تقریباً ۹بجے وہ اپنی بیوی آشا اور بیٹی جیوتی کے ساتھ ہریہر نگر واقع پی کے میرج ہال ایک رشتہ دار کی شادی کی تقریب میں گئے تھے رات تقریباً ۱۱بجے جب وہ واپس آئے تو ان کے گھر کے صدر دروازہ کا تالا ٹوٹا پڑا تھا۔ اندر جا کر دیکھا تو گھر کا سارا سامان بکھرا پڑا ہوا تھا اور الماری کھلی ہوئی تھی اور گھر میں رکھے ۳۹ہزار روپئے اور چارلاکھ کے زیورات چوری ہو گئے تھے۔ امریش نے بتایا کہ اس نے چوری ہوئے زیورات کو بیٹی کی شادی کیلئے جمع کیاتھا۔