لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ سروجنی نگر علاقہ میں منگل کو مقامی لوگوں نے تین سال کی بچی کو فروخت کر رہے ایک نوجوان کو پکڑ کر سروجنی نگر پولیس کے حوالے کر دیا۔ پولیس نے بچی کو چائلڈ لائن بھیج دیا اور نوجوان کو حراست میں لیکر اس سے پوچھ گچھ کر رہی ہے۔ حالانکہ نوجوان کا کہنا ہے کہ بچی کی ماں ڈیڑھ ماہ قبل لاپتہ ہو گئی تھی جس کی تلاش میں وہ بچی کو لیکر یہاں آیاہے۔ سروجنی نگر کے ہیرا لانگر کالونی میں منگل کی صبح ایک نوجوان تین سال کی بچی کولیکر گھوم رہا تھا۔ نوجوان کی حرکتوں سے مقامی لوگوں کو اس کے اوپر شک ہوا جس پر یہاں کے لوگوں نے اسے پکڑ کر یہاں بیٹھا لیااس کے بعد اسے لیکر سروجنی نگر تھانہ گئے۔پولیس کی پوچھ گچھ میںنوجوان نے اپنا نام رام پرساد بتا یا ہے۔ نوجوان کا کہنا ہے کہ وہ چھتیس گڑھ کے ولاس پور ضلع کے پنجیری تھانہ کے تحت ٹیکری گاؤں کا رہنے والا ہے اور جھانسی ریلوے اسٹیشن کے پاس رہ کر ایک ہوٹل میں کام کرتا تھا۔ نوجوان نے بتایا کہ وہ جھانسی میں رہنے والی سنتوشی دیوی کے ساتھ رہتا تھا جو ڈیڑھ ماہ قبل اچانک لاپتہ ہو گئی تھی اس کے بعد سے اس کی بیٹی کاجل کو لیکر وہ سنتوشی کو تلاش کرر ہاہے۔