لکھنؤ۔: کافی کوششوں کے باوجود راجدھانی پولیس یہاں ہو رہی چوری کی واردات پر قابو نہیں پا رہی ہے۔
راجدھانی کے تین مختلف علاقوں میں چوروں نے واردات انجام دی۔ گڑمبا میں جہاں کارسے بیگ غائب کیاگیا وہیں سنبر کھیڑا میں گھر کا تالا توڑکر چوری کی جبکہ اٹونجہ میں مندر سے گھنٹہ چوری کر لیا گیا۔ گڑمبا علاقہ میں ایک کار میں رکھا بیگ لیکر چور فرار ہو گئے ۔کار مالک نے بتایا کہ اس کے بیگ میں لیپ ٹاپ، کیمرا، چیک بک اور اہم دستاویز رکھے ہوئے تھے۔
دوسری طرف مال علاقہ میں گھر کا تالا توڑ کر چوروں نے زیورات، قیمتی سامان اور لاکھوں نقد روپئے پر ہاتھ صاف کر دیا۔ اسی طرح اٹونجہ میںواقع مندر کا گھنٹہ چوری ہو گیا لیکن گھنٹہ لیکر فرار ہو رہے چوروں کو لوگوں نے پکڑ لیا اور پولیس کے حوالے کر دیا۔
موصولہ اطلاع کے مطابق گڑمبا کے جانکی پورم وستار کے رہنے والے راجیش مشرا اپنی الٹو کار سے شام کو گھر واپس ہو رہے تھے۔ انہوں نے آنترکش گیٹ کے سامنے کار کھڑی کی اور سبزی لینے کیلئے چلے گئے۔ جب وہ واپس آئے تو کار میں رکھا بیگ غائب تھا۔
راجیش کی تحریر پر پولیس نے معاملہ درج کر لیا ہے۔ بیگ میں لیپ ٹاپ، کیمرا، چیک بک اور اہم کاغذات تھے۔ اسی طرح مال کے رام سنبر کھیڑا کے گھر کا تالا توڑ کر الماری میں رکھے تیس ہزار روپئے، موبائل فون اور زیورات چور اٹھا لے گئے۔ وشوناتھ کی تحریر پر پولیس نے رپورٹ درج کر لی ہے۔
اٹونجہ کے نگر پنچایت وارڈنمبر پانچ میں بہلا بابا کا مندر ہے جہاں ٹنگے گھنٹے کو محلہ کے رہنے والے نیرج نے اپنے دو ساتھیوں کے ساتھ مل کر چوری کرلیا۔ اتفاق سے گھنٹہ چوری کر کے لے جاتے ہوئے لوگوں نے دیکھ لیا اور چوروں کو دوڑا کر پکڑ لیا۔ رام رانی یادو نے بتایا کہ نیرج اور انل تو گرفت میں آ گئے لیکن تیسرا ساتھی فرار ہو گیا جن کو پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ دوران تفتیش چوروں نے بتایا کہ وہ نشہ کے عادی ہیں اسی لئے انہوں نے مندر کا گھنٹہ چوری کیا تھا۔