لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ سروجنی نگر ۲۲۰ کے وی ٹرانس میشن سب اسٹیشن میں آج بھی تکنیکی خرابی بنی رہی۔ جیسے تیسے دن بھی گزرنے کے بعد شام تقریباً ساڑھے چار بجے سب اسٹیشن پر نصب ۱۰۰-۱۰۰؍ ایم وی اے کے دو ٹران
سفارمر بند ہو گئے۔
دو ٹرانسفارمروں کے بند ہونے کا نتیجہ یہ ہوا کہ ٹی آر ٹی مارٹن پوروا و پی جی آئی ۱۳۲ کے وی ٹرانس میشن سب اسٹیشن کی سپلائی میں رکاوٹ پیدا ہو گئی۔ دیگر وسائل سے سپلائی کی کوشش کی گئی تو لیسا۲ و ۳ میں روسٹنگ شروع ہو گئی۔ ان بجلی گھروں سے جڑے علاقوں میں دیر شام تک بجلی کی آمد و رفت متاثر رہی۔ ادھر دو دنوں سے بجلی بحران سے پریشان لوگوں نے اندرا نگر علاقہ میں ہنگامہ کیا۔ راجدھانی والوں کو بجلی بحران سے راحت نہیں مل پا رہی ہے۔ جمعرات کو بجلی کی آمد و رفت سے بیحال کانپور روڈ کے علاقوں میں جمعہ کو بھی بجلی بحران بنا رہا۔ لیسا انجینئروں کے مطابق سروجنی نگر ٹرانس میشن سب اسٹیشن میں کل مرمت کے کام کے سبب سپلائی میں رکاوٹ پیدا ہوئی تھی لیکن آج دوپہر بعد چار بجکر ۲۶ منٹ پر ۱۰۰-۱۰۰ ؍ایم وی اے کے دو ٹرانسفارمر اچانک بند ہو گئے۔ ٹرانسفارمر کے بند ہونے پر افسران کے ہوش اڑ گئے۔
سروجنی نگر ۲۲۰ کے وی ٹرانس میشن بجلی گھر بند ہونے کے سبب لیسا سے لیکر شکتی بھون تک افسران کے فون بجنے لگے۔ ۲۲۰ کے وی بجلی گھر کی سپلائی متاثر ہونے سے ٹی آر ٹی ، مارٹن پوروا اور پی جی آئی ۱۳۲ کے وی ٹرانس میشن سب اسٹیشن کو بجلی ملنا بند ہو گئی۔ شکتی بھون کے حکم پر بجلی گھروںکو دیگر ذرائع سے بجلی دینے کی کوشش کی گئی لیکن وہ کامیاب نہیں ہوئی اور تین درجن بجلی گھروں پر روسٹنگ شروع کرنے کیلئے احکام دیئے گئے۔ لیسا انجینئروں نے کہا کہ سروجنی نگر میں ٹرانسفارمروںکو دوبارہ شامل کرنے میں تقریباً ڈیڑھ گھنٹے کا وقت لگا۔ اس دوران سیکڑوں لوگوں کو بجلی بحران کا سامنا کرنا پڑا۔ آخر کار شام کو سب اسٹیشن سے سپلائی بحال کی گئی لیکن لوڈ زیادہ ہونے کے سبب کئی علاقوں میں تخفیف جاری رہی اور لوگوں کو رک رک کر بجلی دی جاتی رہی۔ ادھر گزشتہ دو دنوں سے بجلی بحران سے پریشان اندرا نگر کے سائیں پلازا کے لوگوں نے ہنگامہ کیا۔
ناراض باشندوں نے پہلے سڑک جام کرنے کی کوش کی لیکن وہ کامیاب نہیں ہوئے۔ کچھ دیر بعد افسران کی یقین دہانی پر ان کی ہنگامہ آرائی خاموش ہوئی۔