ہاپوڑ (نامہ نگار)اترپردیش ثانوی ٹیچر ایسوایشن اور پرائمری ٹیچر ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے ضلع بیسک تعلیمی افسران کے ذریعہ اساتذہ کا استحصال کرنے کے خلاف بیسک تعلیمی افسر کے دفتر کے باہر بھوک ہڑتال شروع کردی۔ ضلع کے سیکڑوں اساتذہ نے بیسک تعلیمی افسر کے خلاف نعرے لگائے۔
تنظیم کے صدر وید پرکاش شرما نے بتایا کہ اساتذہ کا استحصال کرنے کے خلاف اساتذہ تنظیم کے عہدیداران بھوک ہڑتال پر بیٹھے ہیں۔منگل کو بھوک ہڑتال پر بیٹھنے والوں میں امیش شرما انوپ شرما ،راجندریادو،مہاویر تیاگی،خلاف علی، دیویندر شرما،شیش پال سنگھ شامل تھے۔پرائمری اساتذہ تنظیم کے صدر انوپ شرمانے بتایا کہ اساتذہ تنظیم کا مطالبہ ہے کہ بیسک تعلیمی افسر کو ہٹایا جائے اور ان کے ذریعہ اساتذہ کے خلاف کی گئی کارروائی کو منسوخ کیا جائے۔اساتذہ کو ایریل کی
ادائیگی ،خالی جگہوں کوپرکرنے ،پرموشن اور اضافی تنخواہ جلد دلانے کا بندوبست کیا جائے اور تعلیم دوستوں کے خلاف کی گئی کارروائی کو منسوخ کیا جائے۔ان مطالبات کے پورے نہ ہونے تک بھوک ہڑتال جاری رہے گی۔ہاپوڑ بلاک صدر امیش شرما نے دھرنے کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بیسک تعلیمی افسر نے احکامات کی خلاف ورزی کرکے اساتذہ کا استحصال کرنے میں کوئی کسر نہیں اٹھارکھی ہے۔ اس لئے انہیں برطرف کیا جائے ۔
انہوں نے کہا کہ جب تک ہمارے مطالبات تسلیم نہیں کئے جائیں گے بھوک ہڑتال جاری رہے گی۔ اس سلسلہ میں بیسک تعلیمی افسر آنند پرکاش شرما سے رابطہ قائم کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ اساتذہ تنظیم نے مطالبات ہم کو نہیں پیش کئے ہیں۔اساتذہ کے ذریعہ اگر ان کے مطالبات ہمارے سامنے آئیں گے تو ہم ان کو حل کرنے کی کوشش کریں گے۔