لندن ۔انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان پہلے ایک روزہ کرکٹ میچ میں انگلینڈ کی ٹیم نے اپنی جارحانہ بلے بازی اور خطرناک بولنگ سے سری لنکا کی ٹیم کو 81رن سے شکست دے دی۔لندن میں اوول کے میدان پر کھیلے جانے والا یہ میچ بارش کی وجہ سے دو بار متاثر ہوا اور اس کو 32 اووروں تک محدود کر دیا گیا تھا۔انگلینڈ ٹیم کے آل راؤنڈر کرس جارڈن نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 38 قیمتی رنز بنائے اور جب بولنگ کا موقع آیا تو انھوں نے سری لنکا کے بلے بازوں کے لیے شاٹس کھیلنے دشوار کردیا اور تین وکٹیں حاصل کئیں۔مین آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد کرس جارڈن نے بی بی سی کو بتایا کہ وہ تیزی سے سکور کرنے کے لیے آئے تھے اور وہ انھوں نے کر دیا۔‘انھوں نے مزید کہا کہ ’ہم چاہتے تھے کہ زیادہ سے زیادہ رن بنائیں کیونکہ ہمیں پتا تھا کہ سری لنکا کی بیٹنگ بہت اچھی ہے۔میزبان انگلینڈ کی ٹیم ٹاس ہار گئی تھی اور سری لنکا کی طرف سے اسے پہلے بیٹنگ کی دعوت دی گئی۔انگلینڈ کی ٹیم کو جلد ہی نقصان اٹھانا پڑا جب ان کے کپتان الیسٹر کک آؤٹ ہو گئے لیکن اس کے ایان بیل نے اپنی 31ویں نصف سنچری سکور کی۔ اس کے بعد میچ کو بارش نے آ لیا اور میچ اڑھائی گھنٹے تک رکا رہا۔کھیل دوبارہ شروع ہونے کے بعد بیلنس نے 64 رن ا سکور کیے۔ لیکن آخری میں جارڈن نے 13 گیندوں پر پانچ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 38 رنز بنائے۔ انگلینڈ نے آخری چار اوور میں 60 رن ا سکور کیے۔سری لنکا کی ٹیم شروع ہی سے مشکلات کا شکار ہو گئی جب پہلے ہی اوور میں لاہیرو تھرمانے کی وکٹ گر گئی اور آٹھ سکور پر کمار سنگاکارا آؤٹ ہو گئے۔کھیل بارش کی وجہ سے دوسری بار رکنے کے بعد جب شروع ہوا تو سری لنکا کو 32 اوور میں 226 رنز بنانے کا ہدف دیا گیا۔سری لنکا کی طرف سے مہیلا جے وردھنے نے 35 رنز بنائے لیکن ان کے آؤٹ ہونے کے بعد سری لنکن ٹیم کی اننگز بکھر گئی اور 144 کے مجموعی اسکور پر پوری ٹیم ڈھیر ہو گئی۔