نئی دہلی۔ 30 جولائی (یو این آئی) روڈ ، ٹرانسپور ٹ اور ہائی ویز کے وزیر نتن گڈکری کی دہلی کی رہائش گاہ میں جاسوسی کے آلات لگائے جانے کے معاملے پر کانگریس کے اراکین کے ہنگامہ کی وجہ سے آج راجیہ سبھا میں مسلسل دوسرے روز وقفہ سوالات نہیں ہوسکا اور ایوان کی کارروائی پہلے 15 منٹ کے لئے اور پھر دوپہر 12 بجے تک کے لئے ملتوی کردی گئی۔صبح ایوان کی کارروائی شروع ہوتے ہی کانگریس کے اراکین نے اس معاملے کو اٹھاتے ہوئے اس کی تفتیش کرانے کا مطالبہ کیا۔ اس دوران جنتادل (یو) کے شرد یادو نے پبلک سروس کمیشن کے امتحانات میں علاقائی زبانوں کا معاملہ اٹھایا۔ انہوں نے کہاکہ چار لوگ اس معاملے پر بھوک ہڑتال کررہے تھے جنہیں ہٹا دیا گیا اور مسئلہ کو اب تک نہیں حل نہیں کیا گیا ہے۔اس درمیان وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے کہاکہ مسٹر گڈکری اس طرح کی خبروں کو بے بنیاد قرار دے چکے ہیں اور اس میں کوئی سچائی نہیں ہے۔ اس کے تعلق سے کوئی شکایت بھی درج نہیں کرائی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ میڈیا میں مسٹر گڈکری کے بیڈروم سے اعلی درجہ کے جاسوسی آلات ملنے کی خبر آئی ہے جس کا
حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔