لکھنؤ: راجدھانی کو جام سے نجات دلانے اور ٹریفک بندوبست بہتر کرنے کیلئے آدرش ویاپار منڈل نے ٹریفک پولیس کی مدد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ تنظیم نے منگل سے ’پہلے آپ‘ مہم کا آغاز کیا۔ وہیں ایس پی ٹریفک نے اندرا نگر میں ’ٹریفک بیداری‘ جلسہ میں تاجروں کو ٹریفک قوانین کا حلف دلوایا۔اس دوران موجود تنظیم کے ریاستی صدر سنجے گپتا نے کہا کہ سڑکوں کی اپنی ایک حد ہوتی ہے زیادہ تر لوگ جلدبازی کے چکر میں ہر سمت سے آگے بڑھتے ہوئے پہلے نکلنے کی کوشش کرتے ہیں جس سے جام کا مسئلہ پیدا ہوجاتا ہے وہیں گھنٹوں لوگوں کو پریشان ہونا پڑتا ہے۔ انہوں نے ہمارا لکھنؤ ہماری ذمہ داری کا نعرہ دیتے ہوئے کہا کہ تہذیب کے شہر کے انداز میں پہلے آپ کی طرز پر دوسروں کو پہلے نکلنے کی ذہنیت بنانی ہوگی ساتھ ہی ٹریفک قوانین پر عمل کرنے سے مسائل کا تصفیہ ہو جائے گا۔ ایس پی ٹریفک برجیش مشرا نے کہا کہ شہریوںکے تعاون سے ہی ٹریفک بندوبست بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے سبھی سے ٹریفک قوانین پر عمل کرنے اور ٹریفک بیداری مہم سے جڑنے کی اپیل کی۔اس موقع پر ایس پی گومتی پار تنظیم کے مٹیاری صدر اشوک یادو، چنہٹ صدر ارون یادو، تکروہی صدر کلدیپ یادو سمیت تمام کاروباریوں سے ٹریفک قوانین پر عمل کرنے کا حلف لیا۔