انگلینڈ کی سر زمیں پر اینڈرسن سب سے زیادہ وکٹ لینے والے انگلش تیز گیند باز بنے
لندن۔ اجنکیارہانے نے لارڈس کی جاندار پچ پر ہندوستانی بلے بازی کی عزت بچائی۔ 145 رنز پر7 وکٹیں گنوانے والی مہمان ٹیم کی اجنکیا رہانے لاج رکھ لی۔ان کی سنچری نے ابتدائی روز مجموعی اسکور9 وکٹ پر290 تک پہنچا دیا، میٹ پرائرنے2کیچ ڈراپ کیے، محمد سمیع اور ایشانت شرما پر مشتمل آخری جوڑی انگلش تیز گیندباز کے حملے سہتے ہوئے اننگز کو دوسرے دن لے جانے میں کامیاب رہی، شیکھردھون، مہندر دھونی، رویندرا جڈیجہ اوراسٹورٹ بنی10رنز تک بھی نہیں پہنچ پائے، سر پر پابندی کی تلوار لٹکنے کے باوجود جیمز اینڈرسن4وکٹیں لینے میں کامیاب رہے، اسٹورٹ براڈ نے 2پلیئرز کو آؤٹ کیا۔تفصیلات کے مطابق انگلش کپتان الیسٹرکک نے فاسٹ بولرزکیلئے معاون گرین ٹاپ وکٹ پر ٹاس جیتنے کے بعد حسب توقع ہندوستان کو پہلے بلے بازی کی دعوت دی، میزبان نے مہمان ٹیم کو شروع میں گھیرنے کے بعد اپنی گرفت ڈھیلی کردی جس سے وہ اپنی اننگز کو دوسرے دن تک لے جانے میں کامیاب رہی، میٹ پرائر نے آغاز میں ہی2کیچ ڈراپ کیے جس کی وجہ سے لنچ تک ہندوستان نے 2 وکٹ پر 73 رنز بنالیے، جیمز اینڈرسن نے تیسرے اوور میں لیفٹ ہینڈر شیکھر دھون کو آئوٹ سائیڈ لیگ اسٹمپ گیند کی جو تیزی سے کٹ ہوئی اور بیٹ کا کنارہ چھوتے ہوئے تھرڈ سلپ میں موجود گیری بیلنس کے ہاتھوں میں لینڈ کرگئی۔11 کے مجموعی اسکور پر ہی ہندوستان کی گرنے والی وکٹوں کی تعداد 2 ہوجاتی اگراسٹورٹ براڈ کی گیند پر پرائر نے مرلی وجے کا صفر پر کیچ ڈراپ نہ کیا ہوتا، وجے نے ٹرینٹ برج میں سنچری اسکور کی تھی مگر یہاں24 رنز پر لیام پلنکٹ کا شکار بن گئے، گیری بیلنس نے تھرڈ سلپ میں دوسرا کیچ تھاما۔ لنچ سے قبل میٹ پرائر نے ہندوستان کے خطرناک بیٹسمین ویرات کوہلی کا کیچ ڈراپ کردیا مگر وہ کھانا کھا کر آنے کے بعد صرف پانچ رنز ہی مزید بنا پائے، 25 کے انفرادی اسکور پر کوہلی نے اینڈرسن کی گیند کو آگے بڑھ کر کھیلنا چاہا، مگر وہ بیٹ کو چھوتی ہوئی عقب میں گئی، تیزی سے پرائر نے دائیں جانب ڈائیو لگا کر کیچ تھام لیا۔یہ لارڈز میں جیمز اینڈرسن کی 70 ویں وکٹ تھی، اس طرح انھوں نے اس تاریخی وینیو پر زیادہ وکٹوں کا ای ین بوتھم کا ریکارڈ توڑ دیا، اس سے قبل شیکھر دھون کو آئوٹ کرکے وہ بوتھم کا ہی انگلینڈ میں سب سے زیادہ 229 وکٹیں لینے کا ریکارڈ بھی توڑ چکے تھے۔ آل رائونڈربین اسٹوکس نے چتیشور پجارا (28) کو میدان بدر کیا، دھونی صرف ایک رن کے مہمان ثابت ہوئے، اسٹورٹ براڈ کی فل لینتھ ڈلیوری پر وہ میٹ پرائر کے ہاتھوں کیچ ہوئے، یہ براڈ کی 250 ویں ٹسٹ وکٹ ثابت ہوئی۔جب جڈیجہ میدان میں اترے تو کرائوڈ نے روایت کے برخلاف ان پر فقرے کسے، اس کی وجہ ان کا اینڈرسن سے گذشتہ میچ میں ہونے والا تنازع تھا، جڈیجہ (3) کو معین علی نے ایل بی ڈبلیو کیا، بنی (9) اسی انداز میں اینڈرسن کا شکار بنے، اس موقع پر راہنے نے بھونیشور کمار کے ساتھ آٹھویں وکٹ کی شراکت میں اسکور کو 235 تک پہنچایا، بھونیشور 36 رنز پر براڈ کا شکار ہوئے جبکہ راہنے کو 103 رنز پر اینڈرسن نے اپنی ہی گیند پر کیچ کیا، یہ اننگز میں ان کی چوتھی وکٹ تھی، جب دن کا اختتام ہوا تو شامی 14 اور شرما 12 رنز پر کھیل رہے تھے۔اس سے پہلے لارڈس ٹسٹ سے قبل تنازع میں الجھے ہوئے انگلش تیز گیندباز جیمز اینڈرسن نے میچ کے پہلے روز اہم اعزاز حاصل کر لیا۔ وہ انگلش سر زمین پر سب سے زیادہ وکٹ لینے والے انگلش گیندباز بن گئے۔ انہوں نے ہندوستان کے شیکھر دھون کو آئوٹ کر کے اپنے وطن میں 230 ویں وکٹ حاصل کی۔ ان سے قبل یہ اعزاز فریڈ ٹرومین کے پاس تھا جنہوں نے 230 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا تھا۔وہیں دوسری جانب انگلینڈ کے آل رائونڈربین ا سٹوکس نے کہا ہے کہ دوسرے ٹسٹ کے پہلے دن ہندوستان کے سارے وکٹ نہیں حاصل کرنے سے ان کی ٹیم مایوس ہے۔ پہلے دن کا کھیل ختم ہونے تک ہندوستان نے نو وکٹ پر 290 رن بنائے تھے۔ اسٹوکس نے کہایہ مایوس کن ہے۔ خاص طور پراس لیے کہ ان کے پچھللے بلے بازوں نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔انہوں نے کہالیکن اجنکیارہانے کو عمدہ بلے بازی کیلئے کریڈٹ ملنا چاہیے۔ اس نے بہترین اننگ کھیلی۔ہم نے ان کے سات وکٹ 140 رن پر اکھاڑ دیے تھے لیکن اس کے بعد اس نے وہ بنائے۔ اجنکیا رہانے لارڈس پر اپنے پہلے ہی میچ میں ٹسٹ سنچری جڑنے والے ہندوستان کے چوتھے بلے باز بن گئے۔اس طرح وہ سورو گنگولی، دلیپ وینگسرکر اور اجیت اگرکر کے کلب میں شامل ہوئے۔ رہانے نے یہاں لارڈس میں دوسرے کرکٹ ٹسٹ کے پہلے دن 103 رنز بنا کر انگلینڈ کے خلاف اپنی پہلا سنچری لگائی جبکہ ٹسٹ کرکٹ میں یہ ان کی دوسری سنچری تھی۔انہوں نے پہلی سنچری اس سال فروری میں نیوزی لینڈ کے خلاف ویلنگٹن میں 118 رنز کی اننگز کھیل کر بنائی تھی۔ لارڈس پر اس اننگز سے رہانے انگلینڈ میں ٹسٹ میں پانچویں نمبر پر بلے بازی کر سنچری جڑنے والے ہندوستان کے پانچویں بلے باز بھی بن گئے۔وہیں دوسری جانب لارڈس پر اپنے پہلے ہی ٹسٹ میں سنچری بنانے والے اجنکیا رہانے نے کہا ہے کہ وہ اس مشہور میدان پر اپنے پہلے ٹسٹ سے قبل مایوس تھے۔ رہانے نے انگلینڈ کے خلاف دوسرے کرکٹ ٹسٹ کے پہلے دن کے کھیل کے بعد کہا کہ ہر سنچری خاص ہے، چاہے وہ ویلنگٹن میں ہو یا لارڈس پر۔ انہوں نے کہالیکن یہ خاص اس لئے ہے کیونکہ میں نے اسے لارڈس پر بنایا ہے۔اس میدان پر پہلا ٹسٹ کھیلنے سے قبل کل رات کو میں مایوس تھا۔ صبح اگرچہ وہ بے چینی جاتی رہی جب مجھے یہ محسوس ہوا کہ 25۔ 30 گیندوں تک سنبھل کر کھیلنا ہے، پھر آگے کی دیکھیں گے۔ ہندوستان کے ایک وقت چھ وکٹ 140 رنز پر گر گئے تھے جس کے بعد رہانے اور بھونیشور نے اننگز کو سنبھالا۔ رہانے نے کہا کہ میں خود سے کہہ رہا تھا کہ جسم کے پاس کھیلنا ہے۔ پھر 25۔ 35 رنز بننے کے بعد میں نے خطرے لینا شروع کیا۔ یہ بالکل الگ وکٹ تھی اور اس پر رن بنانا مشکل مرحلہ تھا۔ بھونیشور کے ساتھ میری شراکت اچھی رہی۔ جب وہ بلے بازی کیلئے آیا تو میں نے اس سے پوچھا کہ اگر میں سنگلز لوں تو اس سے کوئی دقت تو نہیں۔