لکھنؤ۔(نامہ نگار)جانکی پورم پولیس نے دو شاطر گاڑی چوروں کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضے سے چوری کی سات موٹر سائیکلیں اور سات موٹر سائیکلوں کے پارٹس برآمدکی ہیں۔ وہیں چوری کی موٹر سائیکلیں اور ان کے پارٹس خریدنے والے دو کباڑیوں کو بھی پولیس نے پکڑا ہے۔ پکڑے گئے گاڑی چوروں کے دو ساتھی فرار ہیں۔
ایس پی گومتی پار ایم کے سنگھ نے بتایا کہ جانکی پورم پولیس نے گذشتہ شب سہارا اسٹیٹ گیٹ نمبر ۲ کے نزدیک سے موٹر سائیکل سوار دونوجوانوں کو پکڑا۔ شک ہونے پر جب دونوں سے سختی سے پوچھ گچھ کی گئی تو دونوں نے اپنا نام جانکی پورم کا محمد سلمان اور گڑمبا کا دھیرج سنگھ بتایا ۔دونوں نے بتایا کہ مذکورہ موٹر سائیکل چوری کی ہے۔ دونوں گاڑی چوروں نے بتایا کہ وہ لوگ ماسٹر کنجی سے موٹر سائیکل کھول کر چوری کرتے تھے۔ چوری کی گئی موٹر سائیکلوں اور ان کے پارٹس گڑمبا کے دو کباڑیوں انیس احمد اور مشیر احمد کے ہاتھ فروخت کرتے تھے۔
اس کے بعد پولیس نے دونوں کباڑیوں کو ہی گرفتار کرلیا۔ جانکی پورم پولیس نے سلمان کے گھر ، کباڑیوں کی دکان اور گڑین پورہ واقع ایک تالاب سے پانچ موٹر سائیکلیں اور سات موٹرسائیکلوں کے پارٹس برآمد کئے۔ برآمد کی گئی موٹر سائیکلیں زیادہ تر جانکی پورم ، علی گنج ، گڑمبا ، وکاس نگر ، اندرا نگر اور ٹھاکر گنج علاقے سے چوری کی گئی ہیں۔ پکڑے گئے گاڑی چوروںنے اپنے دو ساتھیوں صلاح الدین اور ریاض احمد کا نام بھی بتایا ہے۔ پولیس اب ان کی تلاش کررہی ہے۔ مفرور ملزم صلاح الدین موٹر سائیکل مکینک ہے۔ملزمین نے بتایا کہ وہ لوگ چوری کی گئی ایک موٹر سائیکل دو سے تین ہزار روپئے میں ہی کباڑیوں کے ہاتھ فروخت کرتے تھے۔ پکڑے گئے کباڑیوں نے بتایا کہ وہ لوگ چوری کی موٹر سائیکلوں کے پارٹس یحیٰ گنج میں چور بازار میں فروخت کرتے تھے۔