سنبھل(بھاشا)۔میرٹھ ضلع کے جانی تھانہ علاقہ کے تحت بارہویں جماعت کے ایک طالب علم کا بیلٹ سے گلا دبا کر قتل کردیا گیا۔ پولیس نے لاش کا پوسٹ مارٹم کرانے کے بعد حملہ آوروں کی سرگرمی سے تلاش شروع کردی ہے ۔ موصولہ خبر کے مطابق جانی تھانہ انچارج وندھیانچل تیوار ی
نے بتایا کہ اتوار کو پولیس نے خان پور کے جنگل سے ایک لاش برآمد کی تھی۔ لاش کی شناخت روہٹا روڈ کرشن وہار کالونی کے باشندے نتن کمارکے طور پر کی گئی تھی۔ تھانہ انچارج کے مطابق نتن کمار (۲۰)میرٹھ کے ایک کالج میں بارہویں جماعت کاطالب علم تھا۔ جمعہ کونتن کالج کی جانب سے دہلی میںمنعقد ہونے والے این سی سی کیمپ میں شامل ہونے کیلئے گھر سے روانہ ہواتھا لیکن گھر واپس نہیں پہنچا۔ اہل خانہ نے تھانے میں نتن کی گم شدگی درج کرائی تھی۔ سنیچر کوخان پور سڑک پر نتن کا بیگ اور دیگرسامان پڑا ہوا ملا ۔ جبکہ اتوار کو پولیس نے نتن کی لاش خان پور کے جنگل سے برآمدکی۔ لاش پتوں سے ڈھکی ہوئی تھی۔جسم پر صرف ایک انڈر ویئر تھا اور گلے میں بیلٹ کا پھنداپڑا ہواتھا۔ تھانہ انچارج کے مطابق واردات کے سلسلے میں اہل خانہ نے گائوں کے دولوگوں پرقتل کرنے کااندیشہ ظاہر کیاہے ۔ حالانکہ ابھی تک اہل خانہ نے تھانے میں تحریری شکایت درج نہیں کرائی ہے ۔حملہ آور اور قتل کی وجوہات ابھی تک معلوم نہیں ہوسکی ہیں۔