ماسکو ۔ 29 اکتوبر:روس ماہر شرقیات نے کہا ہے کہ جاپان خطے کا طاقتور ترین ملک بننا چاہتا ہے۔ روسی خبررساں ادارے کے مطابق روس کے ماہر شرقیات ویکتورپاولا تینکو نے کہا ہے کہ جاپانی وزیراعظم شینزو ایبے کا بیان اس بات کا ثبوت ہے کہ جاپان کے حکام ملک کے آئین میں شامل امن پسندانہ اصول ترک کرنے کیلئے تیار ہیں ۔ شینزو کا منصوبہ ہے کہ خطے میں اجتماعی دفاعی نظام قائم کیا جائے جس سے جاپان کو اپنا اثر و رسوخ بڑھانے کا موقع ملے گا ۔ ویکتورپاولا تینکو نے کہا کہ جاپانی معاشی لحاظ سے دنیا میں تیسری بڑی طاقت ہے اس لئے وہ خطے میں اولین سیاسی طاقت بننے کیلئے کوشاں ہے ۔ ان کے مطابق جاپان کی بائیں بازو کی قوتیں چین سے لاحق خطرے کے بہانے شاہی زمانے کی مضبوط فوج دوبارہ تشکیل دینا چاہتی ہیں۔