ٹوکیو……الوؤں کے ساتھ مقامی افراد اُلو بننے لگے۔دنیا بھر میں کیٹ اور ڈاگ کے فیز کے بعد اب جاپان میں اپنی نوعیت کا منفرد کیفے کھولا گیا ہے جو دن بدن مقبولیت کی حدیں پارکرتا جارہا ہے۔دارالحکومت ٹوکیو میں کھلنے والا فیکورو نو مائز یعنی شاپ آف آؤلز نامی الوؤں کی تھیم لیے یہ کیفے الوؤں کی آماجگاہ ہے جہاں مقامی کسٹمرز کو خوش آمدید کہنے کیلئے ہر نسل اور سائز کے اُلو موجود ہیں ۔اس کیفے میں تربیت یافتہ الّو وں کی خدمات حاصل کی گئی ہیں جو یہاں آنے جانے اور کافی پینے والے والے افراد پر گہری نظر رکھتے ہیں۔کیفے کی تھیم کی مناسبت سے یہاں چائے کے کپ،پلیٹوں،بسکٹس اور انٹیرئیرڈیکوریشن میں بھی الّو ہی کی شکل نمایاں رکھی گئی ہے ۔2ہزار ین (17ڈالر)اینٹری فیس لیے اس کیفے میں دیر سے آنے والا مہمان اپنی بکنگ اور پیسوں دونوں سے ہی ہاتھ دھو بیٹھتا ہے کیونکہ کیفے کھلنے سے ایک گھنٹہ قبل ہی یہاں مہمانوں کی لمبی قطاریں لگ جاتی ہیں جو اندر الوؤں کا دیدار کرنے کے خواہشمند نظر آتے ہیں۔کیفے میں اینٹری حاصل کرنے والے خوش نصیب افراد کو پہلے باقاعدہ تفصیلات اور حفاظتی اقدامات سے آگاہ کیا جاتا ہے جس کے بعد یہ مہمان الوؤں کو کندھے پر یا
سر پر بٹھائے انکے ساتھ تصاویر کھینچواتے نظر آتے ہیں۔