ٹوکیو: جاپان میں فوکوشیما کے پاس آج علی الصبح 7.3 شدت والے زلزلے کے زبردست جھٹکے محسوس کئے گئے جس کے پیش نظر شہر میں سونامی کی وارننگ جاری کر دی گئی ہے ۔جاپان موسمیاتی سائنس ایجنسی نے کہا ہے کہ زلزلے مقامی وقت کے مطابق منگل کی صبح چھ بجے آیا۔ زلزلے کا مرکز فوکوشیما سے ستر کلومیٹر دور زمین سے 10 کلومیٹر نیچے واقع تھا۔ زلزلے سے فی الحال کسی نقصان یا جان و مال کے نقصان کی کوئی خبر نہیں ہے لیکن زلزلہ اتنا طاقتور تھا کہ دارالحکومت ٹوکیو تک اس کے جھٹکے محسوس کئے گئے ۔مقامی میڈیا کے مطابق حکومت نے لوگوں سے ساحلی علاقوں کو خالی کرکے محفوظ مقامات پر چلے جانے کی اپیل کی ہے ۔ حکومت نے سونامی کی وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سمندر میں 10 فٹ تک کی لہریں اٹھ سکتی ہیں۔
اوناھاما کنارے پر پہنچنے والی لہریں صرف 60 سینٹي میٹر (دو فیٹ) بلند بتائی جا رہی ہیں۔ حکومت نے 2011 کی شدید سونامی سے سبق لیتے ہوئے اپنے تمام جوہری پلانٹ بند کر دیئے ہیں۔ اس کے علاوہ دارالحکومت ٹوکیو میں بجلی کی فراہمی فی الحال بند کر دی گئی ہے ۔ حکومت کی ترجمان نے بتایا کہ 2011 میں آنے والے تباہ کن زلزلے کے بعد آئی سونامی لہروں کی وجہ سے فوکوشیما میں ایٹمی پلانٹ کو بھاری نقصان ہوا تھا۔
جاپان میں کابینہ کے چیف سیکرٹری یوشھیدے سگا نے کہا کہ فوکوشیما ایٹمی پلانٹ کے تیسرے ری ایکٹر کے کولنگ سسٹم نے کام کرنا بند کر دیا ہے ۔ حالانکہ ابھی تک درجہ حرارت بڑھنے کی علامات نہیں ہیں، نہ ہی دوسرے جوہری پلانٹ میں کوئی بے ضابطگی نظر آئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے ٹاسک فورس تشکیل دی ہے ۔مقامی میڈیا نے بتایا کہ فوکوشیما جوہری پلانٹ کی آپریٹر ٹوکیو الیکٹرک پاور پلانٹ میں نقصان کی تحقیقات کر رہی ہے ۔ کماموٹو صوبے میں اس سال اپریل میں آنے والے زلزلے میں 50 افراد کی موت ہو گئی تھی جبکہ 2011 میں فوکوشمیا میں زلزلے کے بعد تباہی میں 18 ہزار سے زائد لوگوں کی یا تو موت ہو گئی تھی یا پھر وہ لاپتہ ہیں۔