محکمۂ موسمیات کے مطابق یہ جاپان میں آنے والا اب تک کا شدید ترین سمندری طوفان ہو سکتا ہے
جاپان میں ایک طاقتور طوفان کی آمد پر جزائرِ اوکی ناوا پر آباد میں لاکھوں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کے لیے کہا گیا ہے۔
سمندر طوفان ناگوری منگل کو اوکی ناوا سے گزرے گا جس کے دوران تیز ہوائیں چلیں گی اور موسلا دھار بارش ہوگی۔
علاقے میں پروازیں معطل کر دی گئی ہیں اور سکول بند ہیں۔ مقامی ٹیلی وژن پر دکھائے گئے مناظر میں کھجور کے کئی درخت ہوا سے اُکھڑ گئے ہیں۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق یہ جاپان میں آنے والا اب تک کا شدید ترین سمندری طو
فان ہو سکتا ہے جس کے دوران سمندر سے 14 میٹر تک بلند لہریں اٹھیں گی۔
جاپان کے محکمۂ موسمیات کے ترجمان ساتوشی ایبیہارا نے پیر کی رات ایک نیوز کانفرنس میں بتایا: ’خدشہ ہے کہ غیر معمولی حد تک تیز ہوائیں چلیں گی اور بارش ہوگی۔ مہربانی کر کے غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں۔‘
اوکی ناوا جاپان کا انتہائی جنوب کا علاقہ ہے اور یہ جزیروں پر مشتمل ہے
مقامی انتظامیہ نے اوکی ناوا کے چار لاکھ 80 ہزار رہائشیوں سے کہا ہے کہ وہ یا تو گھروں کے اندر رہیں یا پناہ کے لیے کمیونٹی سینٹرز میں چلے جائیں۔
اس وقت علاقے کے 50 ہزار سے زائد گھر بجلی سے محروم ہیں اور ایک تیل کے کارخانے نے کام بند کر دیا ہے۔
مقامی افراد خراب موسم کے لیے خود کو تیار کر رہے ہیں۔ ایک مقامی خاتون کیتھرین سپور نے بی بی سی کو بتایا کہ جن لوگوں نے نقل مکانی کرنا تھی وہ کر چکے ہیں۔
’اس وقت یہاں بہت تیز ہوا چل رہی ہے اور بارش ہو رہی ہے۔ میرے علاقے میں 143 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں اور بارش ہو رہی ہے۔ یہ یقیناً خطرناک صورتحال ہے۔‘
اوکی ناوا جاپان کا انتہائی جنوب کا علاقہ ہے اور یہ جزیروں پر مشتمل ہے۔ یہاں امریکی فوج کے اڈے بھی ہیں۔ ایک طویل المدتی معاہدے کے تحت یہاں امریکہ کے 26 ہزار فوجی تعینات ہیں۔
افسران نے طوفان کی آمد سے قبل ایئر بیس سے جہازوں کو منتقل کر دیا ہے۔ لیفٹیننٹ ایرک انتھونی نے کانڈینا جزیرے سے ائیر بیس سے بی بی سی کو بتایا کہ ’وہاں تیز ہوائیں چل رہی ہیں اور درختوں کی ٹوٹی ہوئی شاخوں اور کچرے کو سڑکوں پر یہاں وہاں اڑتے دیکھا جا سکتا ہے۔
’لیکن میں نے اب تک کوئی بڑا نقصان نہیں دیکھا ہے ابھی تک علاقے سے رابطہ قائم ہے۔‘
وہاں تیز ہوائیں چل رہی ہیں اور درختوں کی ٹوٹی ہوئی شاخوں اور کچرے کو سڑکوں پر یہاں وہاں اڑتے دیکھا جا سکتا ہے: لیفٹیننٹ ایرک انتھونی۔