برلن۔جرمن قومی فٹ بال لیگ بنڈس لیگا کے تیسرے میچ ڈے کے اختتام پر تین ٹیمیں سات پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہیں۔ ان میں بائر لیورکوزن، بائرن میونخ اور ہینوور 96 شامل ہیں۔بنڈس لیگا کے تیسرے میچ ڈے کے دوران ہینوور نے ہیمبرگ کی ٹیم کو دو صفر سے شکست دی۔ میزبان ٹیم ہینوورکو یہ میچ جیتنے میں کسی خاص دشواری کا
سامنا نہیں کرنا پڑا۔
اس طرح اب پوائٹس ٹیبل پر ہینوور بھی لیورکوزن اور میونخ کے برابر آ گئی ہے۔ تاہم ہیمبرگ اس فہرست میں بدستور سب سے آخری مقام پر ہے۔اتوار کے روز ایک اور میچ آؤگسبرگ کو اس سیزن کا اپنا پہلا پوائنٹ آئنٹراخٹ فرینکفرٹ پر ایک صفر کی برتری کے بعد حاصل ہوا۔ اس میچ میں شروع سے آخر تک دونوں ٹیمیں ایک دوسرے پر مسلسل حملے کرتی رہیں تاہم میچ کے 49 ویں منٹ میں ارجنٹائن سے تعلق رکھنے والے راؤل بوبادیا نے آؤگسبرگ کی جانب سے میچ کا واحد گول کر دیا۔ میچ کے بعد آئنٹراخٹ فرینکفرٹ کے کوچ تھوماس شاف نے کہا کھیل کے دوران بہت سی غلطیاں ہوئی ہیں اور اسی کا خمیازہ بھگتنا پڑا ہے۔موجودہ سیزن میں آئنٹراخٹ کی یہ پہلی شکست تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس شکست کے بارے میں ان کے پاس کوئی توجیہہ نہیں ہے جبکہ دوسری جانب آؤگسبرگ کے کوچ مارکوس وائنزیئرل کا کہنا تھاہم نے میچ کے دوران صبر و تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے موقعے کا انتظار کیا۔ ہمیں ٹیم پر بھروسہ تھا اورنتیجے نے یہ ثابت کر دیا ہے۔ہفتے کے روز بائرن میونخ نے اشٹٹ گارٹ کو دو صفر سے شکست دی تھی۔ ماریو گوٹزے نے پہلی ہاف میں گول کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی تھی جبکہ کھیل ختم ہونے سے پانچ منٹ قبل فرانک ریبیری نے میونخ کی جانب سے دوسرا گول کر کے اشٹٹ گارٹ کی شکست یقینی بنا دی۔ فرانک ریبیری بنڈس لیگا کے موجودہ سیزن میں اپنا پہلا میچ کھیل رہے تھے۔اس کے علاوہ ہفتے کے دن کھیلے گئے ایک اور میچ میں بوروسیا ڈورٹمنڈ نے فرائی برگ کو تین ایک سے شکست دی جبکہ جمعے کی شب لیورکوزن اور بریمن کے مابین کھیلا جانے والا میچ تین تین گولوں سے برابر رہا۔اس میچ ڈے دوران کھیلے جانے والے دیگر میچوں میں مائنز نے ہیرتھا برلن کو ایک کے مقابلے میں تین جبکہ مؤنش گلاڈباخ نے اپنے کمزور حریف شالکے کو چار ایک کے واضح فرق سے شکست دی۔