برلن: بنڈس لیگا یعنی جرمن فیڈرل فٹ بال لیگ کے کلب وولفسبرگ کے کھلاڑی کیون ڈی برائن کو انگلش کلب مانچسٹر سٹی نے خرید لیا ہے۔ اس ڈیل کو بنڈس لیگا کی تاریخ میں سب سے بڑا معاہدہ قرار دیا جا رہا ہے۔ جرمن کلب وولفسبرگ نے ڈی برائن کی منتقلی کی خبر کی تصدیق کر دی ہے۔ بیلجیم کے کیون ڈی برائن نے جرمن کلب وولفسبرگ کو خیرباد کہہ کر تقریبا 75 ملین یورو مالیت کی ایک ڈیل کے تحت مانچسٹر سٹی کو جوائن کر لیا ہے۔
انہیں حال ہی میں جرمن لیگ کا بہترین فٹ بالر قرار دیا گیا تھا۔ خبر رساں ادارے ڈی پی اے نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ ڈی برائن نے انگلش پریمئر لیگ کے معروف کلب مانچسٹر سٹی کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔ اس چھ سالہ ڈیل کے تحت وہ اپنے نئے کلب کے لیے فوری طور پر دستیاب ہوں گے۔
جرمن کلب وولفسبرگ نے ڈی برائن کی منتقلی کی خبر کی تصدیق کر دی ہے لیکن یہ نہیں بتایا کہ یہ معاہدہ کتنی رقم کے عوض طے پایا ہے۔ تاہم جرمن میڈیا نے ذرائع سے حاصل کردہ معلومات کے حوالے سے بتایا ہے کہ انگلش کلب اور بیلجیئن کھلاڑی کے مابین ڈیل کی مالیت کم ازکم 75 ملین یورو (پچاسی ملین ڈالر) تک کی ہو سکتی ہے۔ یوں بنڈس لیگا کی تاریخ میں یہ ایک سب سے بڑی ڈیل ہے۔