جودھپور، 22 مارچ (یو این آئی) بی جے پی کے بزرگ لیڈر اور امور خارجہ کے وزیر رہ چکے جسونت سنگھ باڑمیر لوک سبھا حلقہ سے ٹکٹ نہ ملنے سے بہت غمزدہ ہیں مگر ابھی وہ جھکے نہیں ہیں اور ابھی مستقبل کے بارے میں کچھ طے بھی نہیں کیا ہے۔ یہاں ایک ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے مسٹر سنگھ نے کہا کہ “آپ میرے عزت و وقار کو داو پر لگاکر سودے بازی نہیں کرسکتے“۔تاہم انہوں نے یہ بتانے سے گریز کیا کہ وہ آگے کیا کرنے والے ہیں صرف اتنا کہا کہ وہ 24 مارچ بروز پیر اپنی حکمت عملی اور مستقبل کا راستہ طے کریں گے۔سیاسی مبصرین اور مسٹر سنگھ کے قریبی ذرائع کا خیال ہے کہ سابق وزیر دفاع 24 مارچ کو آزاد امیدوار کے طور پر باڑمیر سے اپنی نامزدگی داخل کرنا چاہتے ہیں۔ تاہم پارٹی کے رویہ سے ناراض ہونے کے باوجود مسٹر سنگھ نے دانستہ طور سے فی الحال کھل کر کچھ نہیں کہا ہے۔مسٹر سنگھ کچھ عرصہ سے اپنا آخری الیکشن باڑمیر سے لڑنے کی خواہش کا اظہار کررہے تھے اور انہوں نے اس ضمن میں پارٹی کی قیادت سے بھی بات کی تھی مگر پارٹی نے پہلے تو اس سیٹ کے بارے میں فیصلہ کرنے میں تاخیر کی اور کل انہیں ٹکٹ دینے سے انکار کردیا اور ان کے بجائے کانگریس چھوڑ کر آئے کرنل سونارام چودھری کو ٹکٹ دے دیا۔