نئی دہلی ،13 جنوری (یو این آئی) جسٹس سوتنتر کمار کے خلاف جنسی استحصال کا الزام لگانے والی انٹرن خاتون وکیل نے آج سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا جس پر بدھ کو سماعت ہوگی۔مشہور خاتون وکیل نے چیف جسٹس پی سداشیوم کی سربراہی والی ڈویژن بنچ کے سامنے اس معاملے کا خصوصی ذکر کیا۔ بنچ نے اس معاملے کی سماعت کے لئے 15 جنوری کی تاریخ مقرر کی ہے۔درخواست دہندہ نے اپنے جنسی استحصال کے معاملے کی انکوائری کے لئے ایک کمیٹی تشکیل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ درخواست دہندہ نے سپریم کورٹ کے 5 دسمبر کے فیصلے کے پس منظر میں جسٹس کمار کے خلاف ایڈمنسٹریٹیو کارروائی نہ کئے جانے کو بھی چیلنج کیا ہے۔
انٹرن خاتو ن وکیل کا الزام ہے کہ جسٹس کمار نے مئی 2011 میں اس کا اس وقت جنسی استحصال کیا تھا جب وہ ان کے زیر تربیت تھی ۔ درخواست دہندہ نے الزام لگایا ہے کہ سابق جج کے رویہ سے پریشان ہوکر اسے درمیان میں ہی انٹرن شپ چھوڑنی پڑی تھی حالانکہ جسٹس کمار نے ان الزامات کی تردید کی ہے۔حالانکہ ایک دیگر انٹرن خاتون وکیل نے سپریم کورٹ کے سابق جج اشوک کمار گنگولی کے خلاف بھی جنسی استحصال کا الزام لگایا تھا جس کی وجہ سے انہیں مغربی بنگال انسانی حقوق کمیشن کے صدر کے عہدے سے استعفی دینا پڑا۔