سنبھل: اتر پردیش کے سنبھل ضلع میں مختلف تقریبات اور جشن کے دوران فائرنگ سے ہونے والے حادثات کی روک تھام کے لئے ایک نئی پہل کی گئی ہے ۔ سرکاری ذرائع نے آج یہاں بتایا کہ افسروں کو کسی تقریب میں فائرنگ کرنے والوں کے خلاف رپورٹ درج کرتے ہوئے اسلحہ جمع کراکر ان کو جیل بھیجنے اور لائسنس تنسیخ کی کارروائی کرنے کا حکم دیا گیا ہے ۔ غور طلب ہے کہ شادی، بارات، منگنی، تلک وغیرہ کی تقریبات کے دوران فائرنگ سے کئی بار گولی لگنے سے لوگوں کے زخمی ہونے اور مرنے کے واقعات سامنے آئے ہیں۔ حکومت کی طرف سے پہلے ہی جشن کے دوران فائرنگ پر روک لگائے جانے کے باوجود لوگ ایسا کرنے سے باز نہیں آ رہے ہیں۔ حکومت نے اسے سنجیدگی سے لیتے ہوئے تمام اضلاع کے پولیس اور انتظامی افسروں کو جشن کے دوران فائرنگ پر مکمل طور پر پابندی لگانے کی ہدایات دی ہیں۔ ہدایات کے پیش نظر ضلع میں تمام بارات گھروں کے مالکان کے لیے ہال بک کرتے وقت پارٹیوں کو فائرنگ نہ کرنے کا مشورہ دینے کی ہدایت دی جا چکی ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ اگر اس کے باوجودفائرنگ ہوتی ہے تو فائرنگ کرنے والوں کے ساتھ ساتھ بارات گھر کے مالک کے خلاف بھی رپورٹ درج کی جائے گی اور دونوں کو جیل بھیجا جائے گا۔