لکھنؤ(نامہ نگار)رائے بریلی ضلع کے رہنے والے ایک ٹھیکیدار نے اسٹامپ پیپر پر غلط پتہ لکھا کر دھوکہ دہی کر کے اسلحہ کا لائسنس حاصل کر لیا۔ اس سلسلہ میں ٹھیکیدار کے خلاف پی جی آئی تھانہ میں نامزد رپورٹ درج کرائی گئی ہے۔
پولیس نے کل رات ملزم ٹھیکیدار کو گرفتار کر لیا ہے۔
پی جی آئی پولیس سے موصول اطلاع کے مطابق رائے بریلی کے ہرچند پور کے رہنے والے ٹھیکیدار دھرم راج سنگھ نے پی جی آئی کی ورندا ون اسکیم کا پتہ دے کر جعلی اسلحہ لائسنس ۲۰۱۳ء میں حاصل کر لیا۔ اس کے لئے ٹھیکیدار نے دس روپئے کے اسٹامپ پیپر پر حلف نامہ بھی دیا اور حلف نامہ میں اس نے غلط پتہ درج کرایا۔ ٹھیکیدار کی اس ہیراپھیری کا پتہ چلنے کے بعد گذشتہ ۲۷مئی کو پی جی آئی میں تعینات داروغہ دھیریندر سنگھ نے اس کے خلاف نامزد رپورٹ درج کرائی۔
اس معاملہ کی تفتیش داروغہ رمیش چندر گوتم کر رہے تھے۔ تفتیش میں پتہ چلا کہ ٹھیکیدار نے جو پتہ دیا تھا وہ اس پتے پر نہ پیدا ہواتھا اور نہ ہی وہاں کا اصل رہنے والا تھا۔ تفتیش کے بعد کل رات اتریٹھیا پی جی آئی پولیس نے ملزم ٹھیکیدار دھرم راج سنگھ کو گرفتارکر لیا۔