مطیع الرحمن نظامی کا کہنا ہے کہ وہ سزا کے خلاف اپیل کریں گے.بنگلہ دیش میں جماعتِ اسلامی کے صدر مطیع الرحمن نظامی کو اسلحے کی سمگلنگ کے الزام میں سزائے موت سنائی گئی ہے۔ بنگلہ دیش کی عدالت نے مطیع الرحمن نظامی اور دیگر 13 افراد کو ہمسایہ ملک بھارت کے ایک باغی گروپ کو اسلحہ فراہم کرنے کے الزام میں پھانسی کی سزا سنائی ہے۔ سزا پانے والے افراد میں ملک کے سابق وزیر بھی شامل ہیں۔
ان افراد پر 2004 میں آسام کے علیحدگی پسندوں کے لیے اسلحے کی سمگلنگ کا الزام ہے۔مطیع الرحمن نظامی کا کہنا ہے کہ وہ سزا کے خلاف اپیل کریں گے۔ انھیں 1973 میں بنگلہ دیش کی جنگ آزادی کے دوران بھی جنگی جرائم کے الزامات کا مجرم ٹھہرایا گیا ہے۔
اس سے پہلے بنگلہ دیش میں جماعتِ اسلامی کے رہنما عبدالقادر ملا کو بھی جنگی جرائم کے الزام میں پھانسی دی جا چکی ہے۔
بنگلہ دیش کے جنگی جرائم کے ٹربیونل نے رواں سال فروری میں عبدالقادر ملا کو انسانیت کے خلاف جرائم کا مرتکب قرار دیتے ہوئے انھیں عمر قید کی سزا سنائی تھی جسے بنگلہ دیش کی سپریم کورٹ نےسزائے موت میں تبدیل کر دیا تھا۔