کانپور(نامہ نگار) جماعت اور قوم کا حاکم در اصل قوم کا خادم ہوتا ہے، عوام سے بالا تر نہیں ہوتا ہے حضرت عمرنے اس حقیقت کو عملی طور پر لوگوں کے سامنے پیش کر دیا ایک طرف تو آپ کی سطوت و ہیبت سے بڑی بڑی حکومتوں کے دل لرز تے تھے دوسری طرف قوم کی خدمت کا جذبہ کہ راتوں کو اٹھ کر گشت کرتے تھے کہ کہیں کوئی پریشان حال تو نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار مفتی محمد ریاض قاسمی نے مسجد موتی محال میں منعقد جلسہ شہداء اسلام میں عوام سے خطاب کرتے ہوئے کیا واضح رہے کہ شہر جمعیت علماء کی طرف سے قاری عبد القدوس ہادی کی سر پرستی میں شہر کے مختلف مقامات پر محرم کے پہلے عشرہ میں شہداء اسلام کے عنوان سے پروگرام ہونگے ان میں سے یہ پہلا پروگرام خلیفہ دوم ح
ضرت عمر فاروق کے یوم شہادت کے حوالہ سے منعقد ہوا۔ مفتی محمد ریاض قاسمی نے مزید کہا ہے کہ آج دنیا میں ظلم و ستم، کالا بازاری، لوٹ مار، جھوٹ و فریب دہی عام ہو رہی ہے۔
یہ اسلام سے دور ہونے کا نتیجہ ہے۔ حضرت عمر نے ایک عہد حکومت میں ساری دنیا کے سامنے یہ ثابت کر دیا کہ امن و سلامتی، عدل و انصاف، راست و صدق گوئی، اخوت و بھائی چارگی صرف اور صرف مذھب اسلام میں ہے۔جمہوری نظام حکومت اگر کسی کو دیکھنا ہو تو عہد فاروقی کا مطالعہ کرے جہاں حاکم اور محکوم، بادشاہ اور فقیر سب کو یکساں حقوق حاصل ہوتے تھے۔ یہ پروگرام بعد نماز مغرب منعقد ہوا۔ بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔