جموں، 17 اگست ( یواین آئی) ضلع جموں میں ہفتہ کو ٹو جی موبائل انٹرنیٹ سروس بحال ہو گئی جبکہ ضلع راجوری میں عائد پابندیوں کو ہٹا لیا گیا ۔ ایک افسرنے کہا’’ ضلع جموں میں جمعہ کی آدھی رات رات سے ٹو جی موبائل انٹرنیٹ سروس بحال ہو گئی ہے‘
‘۔انہوں نے بتایا کہ انٹرنیٹ کی رفتار کو احتیاطاََکم رکھا گیا ہے، تاکہ یہ پتہ لگایا جا سکے کہ سوشل میڈیا پر کسی طرح کی افواہ یا توہن امیز مواد تو پوسٹ نہیں کئے جا رہے ہیں ۔انہوں نے کہا’’حکومت نے صرف افواہوں کو پھیلنے سے روکنے کے لئے موبائل انٹرنیٹ سروس معطل کی تھی، تاکہ حالات خراب نہ ہوں اور سکیورٹی کے لئے خطرہ پیدا نہ ہو‘‘ ۔انہوں نے کہا کہ انٹرنیٹ سروس جزوی طور پر بحال ہو گئی ہے اور جلد ہی تیز رفتار انٹرنیٹ سروس بحال کر دی جائے گی ۔ ضلع انتظامیہ جموں و کشمیر اور لداخ میں زمینی صورتحال اور سوشل میڈیا پر باریکی سے نظر بنائے ہوئے ہے اور اگر کوئی حالات کو خراب کرنے کی کوشش کرتے یا امن و امان کو خراب کرنے کے لئے نازیبا مواد پوسٹ کرتے پایا گیا، تو اس کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت کارروائی کی جائے گی ۔
ضلع راجوری میں سی آر پی سی کی دفعہ 144 کے تحت عائد کی گئیں پابندیاں ہٹا لی گئی ہیں، لیکن رات نو بجے سے صبح پانچ بجے تک پابندیاں عائد رہیں گی ۔ واضح ر ہے کہ مرکزی حکومت کی طرف سے جموں و کشمیر کو خصوصی ریاست کا درجہ دینے والے آئین کے آرٹیکل 370 کو منسوخ کرنے اور جموں و کشمیر اور لداخ نام سے دو مرکز کے زیر انتظام علاقے بنانے کے فیصلے سے قبل چار اگست کی آدھی رات سے موبائل انٹرنیٹ سروس معطل کر دی گئی تھی ۔