لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔گوسائیں گنج علاقہ میں رہنے والے ایک جنرل اسٹور دکاندار کی بیوی پر نقاب پوش دو لوگوں نے ہاکی سے وار کر دیا۔ بدمعاش لوٹ کے ارادے سے گھر میں گھسے تھے یا پھر رنجش کے سبب اس واردات کو انجام دیا گیا۔ فی الحال اس بات کا پتہ نہیں چل سکا ہے۔ پولیس نے اس واردات کے سلسلہ میںکوئی رپورٹ درج نہیں کی ہے۔ گوسائیں گنج قصبہ میں رہنے والے آنند کمار گپتا کی جنرل اسٹور کی دکان ہے۔ ب
تایا جاتا ہے کہ سنیچر کی دوپہر آنند کی بیوی جیوتی گھرکے دروازے پرکھڑے ہوکر اپنے بیٹے منو کا اسکول سے لوٹنے کا انتظار کر رہی تھی۔ اس درمیان دو نوجوان گیٹ پر پہنچے ، دونوں نے اپنا منھ کپڑے سے باندھ رکھا تھا۔ جیوتی نے جیسے ہی ان کو روکا دونوں نوجوان دیوار پھاند کر گھر کے اندر داخل ہو گئے اور جیوتی پر ہاکی سے حملہ کر دیا۔ جیوتی اپنی جان بچانے کیلئے شور مچاتی ہوئی گھر کے اندر دوڑی، شور ہوتے ہی آس پاس کے لوگ بھی گھر کے باہر نکل آئے۔ ادھر شور ہوتے ہی حملہ آور موقع سے فرار ہو گئے۔ بیوی کے ساتھ ہوئی واردات کا پتہ چلتے ہی آنند کمار بھی گھر پہنچ گیا اور اس نے پولیس کو اطلاع دی۔ اطلاع کے بعد بھی اب تک اس معاملہ میں پولیس نے کوئی رپورٹ درج نہیں کی ہے۔ وہیں ابھی تک اس بات کا پتہ نہیں چل سکا ہے کہ جنرل اسٹور دکاندار کی بیوی پر حملہ لوٹ کے ارادے سے کیاتھا یا پھر کسی رنجش کے سبب کیا گیا۔