سری نگر: جنوبی کشمیر کے ترال اور اونتی پورہ علاقوں میں پیر کے روز مکمل ہڑتال کی وجہ سے معمول کی زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی جہاں کل جنگجوں اور سیکورٹی فورسز کے مابین شدید جھڑپ میں جیش محمد نامی جنگجو تنظیم سے وابستہ دو جنگجوں کو ہلاک کیا گیا۔
اگرچہ کسی بھی علیحدگی پسند جماعت نے ہڑتال کی کال نہیں دی ہے تاہم باوجود اس کے ترال اور اس سے ملحقہ علاقوں میں آج دکانیں اور تجارتی مراکز بند رہے جبکہ سڑکوں پر گاڑیوں کی آمدورفت معطل رہی۔
سرکاری دفاتر، بینکوں اور دیگر نجی دفاتر میں معمول کا کام کاج متاثر رہا جبکہ تعلیمی ادارے بند رہے ۔ سری نگر جموں قومی شاہراہ پر پڑنے والے اونتی پورہ قصبہ میں بھی مکمل ہڑتال کی وجہ سے دکانیں اور دیگر تجاری سرگرمیاں معطل رہیں۔
تاہم قصبے میں کچھ مسافر گاڑیاں اور قومی شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت معمول کے مطابق جاری تھی۔ قابل ذکر ہے کہ ترال کے ہاری پاریگام میں کل جنگجو اور سیکورٹی فورسز کے مابین شدید جھڑپ میں جیش محمد سے وابستہ دو جنگجو کو ہلاک کیا گیا۔ جھڑپ کی مقام سے دو اے کے 47 رائفلیں، ایک گرینیڈ، 4 میگزینیں اور 80 رانڈس برآمد کئے گئے تھے ۔