نئی دہلی:مرکزی وزیر ماحولیات پرکاش جاوڈیکر نے اتراکھنڈ کے جنگلوں میں لگی آگ کے سلسلے میں آج سخت انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر جان بوجھ کر آگ لگانے کا واقعہ ہوا ہے تو ذمہ دار لوگوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔مسٹر جاوڈیکر نے نامہ نگاروں سے کہا کہ واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے اور ان تمام ریاستوں کو متنبہ کیا گیا ہے جہاں جنگل کے علاقے ہیں۔ حکومت تمام پہلوؤں سے آگ لگنے کی وجوہات کی تحقیقات کر رہی ہے ۔ اگر دیدہ دانستہ آگ لگانے کی کوشش ہوئی ہے توذمہ دار لوگوں کے خلاف سختی سے نمٹا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جنگلوں میں جان بوجھ کر آگ لگانے کے الزام میں چار افراد کو پوڑی میں گرفتار کیا گیا ہے ۔مسٹر جاوڈیکر نے کہا کہ آگ پر اب قابو پایا جا سکا ہے ۔ کل 1200 جگہوں پر آگ لگی تھی لیکن اب 60 جگہوں پر ہی آگ ہے ۔ انہوں نے اس سلسلے میں لوگوں کو بیدار کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پہاڑوں میں گھاس کو آگ لگانا مسئلے کا حل نہیں ہے ، اس سے صرف قدرتی وسائل تباہ ہوتے ہیں۔ اس درمیان، مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ انہوں نے مرکز اور ریاستی حکومت کے حکام سے بات کرکے صورت حال کوکنٹرول میں لانے کے لئے ضروری ہدایات دی ہیں۔