نئی دہلی:ہندوستانی فضائیہ جنگی محاذوں پر خواتین پائلٹوں کی تعیناتی پر غور کر رہی ہے ۔ ایئر چیف اروپ راہا نے فضائیہ کے 83 ویں یوم تاسیس کے موقع پر غازی آباد واقع ہنڈن ائیر بیس میں فضائیہ کے جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے آج کہا کہ ‘فضائیہ میں خواتین کارگو طیارے اور ہیلی کاپٹر اڑا رہی ہیں۔ ہم ملک کی نوجوان خواتین کے عزائم کو پورا کرنے کے لئے انہیں جنگی محاذوں میں بھی شامل کرنے پر غور کر رہے ہیں’۔ فی الحال فضائیہ کے انتظامیہ، لاجسٹک، تعلیم اور ٹیکنالوجی جیسے شعبوں میں خواتین اہلکار کام کر رہے ہیں ۔ اس کے علاوہ کم از کم 200 خواتین پائلٹ کارگو طیارے اورہیلی کاپٹر اڑا رہی ہیں۔ مسلح افواج میں خواتین افسروں کو مستقل کمیشن دینے کے معاملے میں بھی فضائیہ پیش پیش ہے ۔