برسلز ۔ 5 دسمبر:روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے کہا ہے کہ جنیوا معاہدے کے بعد یورپ میں امریکی میزائل دفاعی نظام کی ضرورت ختم ہوگئی۔ گزشتہ روز برسلز میں نیٹو روس کونسل کے وزراء خارجہ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے روس کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران کے ساتھ حالیہ تاریخی نیو کلیئر معاہدے کے بعد یورپ میں امریکی میزائل دفاعی شیلڈ نصب کرنے کی ضرورت ختم ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر معاہدے کو مکمل طور پر عملی شکل دیدی گئی‘ اگر ایران کے نیو کلیئر مسائل حل کردیئے گئے تو یورپ میں امریکی میزائل دفاعی نظام نصب کرنے کی ضرورت ہی نہیں رہے گی۔ روسی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ میرے ہم منصب کہتے ہیں ایران کے ایٹمی پروگرام کے بارے میں پیشرفت سے مطمئن ہیں حتیٰ کہ اس صورتحال میں اسے بریک تھرو قرار دیتے ہیں۔