لندن۔؛برطانیہ نے ایران کے ساتھ اپنے سفارتی تعلقات پر نظرثانی کی ہے اور تہران میں اپنے سفارت خانے پر مشتعل مظاہرین کے حملے کے دوسال کے بعد ایک غیر مقیم ناظم الامور کا تقرر کردیا ہے۔
برطانوی دفتر خارجہ نے سوموار کو ایک بیان میں کہا ہے کہ وزارت میں ایران ڈیسک کے انچارج اجے شرما نے فوری طورپرغیرمقیم ناظم الامور کا عہدہ سنبھال لیا ہے۔یادرہے کہ تہران میں دوسال قبل مشتعل ایرانی مظاہرین نے برطانوی سفارت خانے پر دھاوا بول دیا تھا جس کے بعد برطانیہ نے تہران سے اپنے سفیر کو واپس بلا لیا تھا اور ایران سے سفارتی تعلقات منقطع کر لیے تھے۔
برطانیہ کی جانب سے یہ اعلان جنیوا میں ایران اور چھے بڑی طاقتوں کے درمیان جوہری مذاکرات کے ایک روز بعد سامنے آیا ہے۔ان مذاکرات میں فریقین کے درمیان کوئی حتمی سمجھوتا تو طے نہیں پاسکا ہے لیکن ان کے نتیجے میں وہ ابتدائی سمجھوتے کے قریب پہنچ گئے ہیں اور دونوں جانب سے ان مذاکرات کو مثبت اور تعمیری قراردیا گیا ہے۔