نئی دہلی،29 دسمبر (یو این آئی)وزیراعظم نریندر مودی کی مالی مساوات کی اسکیم جن دھن یوجنا کے تحت غریب لوگوں کے 10 کروڑ بینک کھاتے کھولنے کا ہدف ایک ماہ قبل ہی حاصل کرلیا گیا ہے، اس اسکیم کے تحت اب تک 10 کروڑ آٹھ ہزار کھاتے کھولے جاچکے ہیں۔واضح رہے کہ مسٹر نریندر مودی نے وزارت عظمی کا منصب سنبھالنے کے بعد 15 اگست کو لال قلعہ کی فصیل سے قوم کے نام سے اپنے پہلے خطاب میں جن دھن یوجنا کے غریب لوگوں کو بینکنگ سروس کے دائرے میں لانے کااعلان کیا تھا۔وزارت مالیات کی طرف سے موصولہ اطلاعات کے مطابق 26 دسمبر تک جن دھن یوجنا کے تحت 10 کروڑ آٹھ ہزار بینک کھاتے کھولے جاچکے ہیں۔اس اسکیم کے تحت 10 کروڑ کھاتے کھولنے کے لئے آئندہ سال 26 جنوری تک کی میعاد طے کی گئی
تھی، وزارت مالیات کے مطابق بینکوں نے 22 دسمبر تک سات کروڑ 28 لاکھ لوگوں کو روپے ڈیبٹ کارڈ بھی جاری کردیئے ہیں۔