نئی دہلی:عام آدمی پارٹی (اے اے پی) سے اخراج کئے گئے سابق لیڈر اور مشہور وکیل پرشانت بھوشن نے آج ایک ریڈیو اشتہار کے ذریعہ دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کو جن لوکپال بل پر عوامی بحث کے لئے چیلنج کیا۔ یہ بل گزشتہ روز ہی ایوان اسمبلی میں پیش کیا گیا ہے ۔
مسٹر پرشانت بھوشن نے ریڈیو پر اشتہار میں کہا کہ ” ایسا لگتا ہے کہ جن لوکپال بل کی تحریک اور ملک سے دھوکہ کیا گیا ہے ۔ اس لئے ، میں مسٹر کیجریوال کو اس مسئلے پر کھلی اور عوامی بحث کی دعوت دیتا ہوں، تاکہ لوگ اس نتیجے پر پہنچ سکیں کہ کون ایماندار ہے اور کون جھوٹ بول رہا ہے ۔ مسٹر کیجریوال ، آئیے ، ہمیں اس معاملے میں بحث کرلینا چاہئے “۔
عام آدمی پارٹی کو گھیرنے اور اس مسئلے پر عوامی حمایت حاصل کرنے کے لئے اے اے پی کے سابق حامیوں بشمول مسٹر پرشانت بھوشن و سابق وزیر قانون شانتی بھوشن اور سوراج ابھیان کے سربراہ یوگیندر یادو کی طرف سے ایک کینڈل مارچ نکالا جائے گا، جنہوں نے مسٹر اروند کیجریوال پر الزام لگایا ہے کہ انہو ں نے انا ہزارے کی تحریک کے دوران تیار کئے جانے والے جن لوکپال بل کی متعدد شقوں میں تخفیف کرکے لوگوں کو دھوکہ دیا ہے