اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف روس میں ہونے والے برکس اجلاس میں شرکت نہیں کرسکیں گے-.
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے منگل کو ویانا میں اپنے چینی ہم منصب وانگ ایی سے ملاقات میں کہا کہ وہ روس میں ہونے والے برکس اجلاس میں شرکت کے لئے تہران واپس جانے والے تھے لیکن اب وہ واپس نہیں جائیں گے اس لئے کہ انھیں ویانا میں ہونے والے ایٹمی مذاکرات میں موجود رہنا ہوگا-
ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان ہونے والے مذاکرات کا سلسلہ بدستور جاری ہے- ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے یورپی یونین کے خارجہ امور کی سربراہ فیڈریکا موگرینی سے بھی ملاقات کی- درایں اثنا یورپی یونین کے خارجہ امور کی سربراہ فیڈریکا موگرینی نے مذاکرات کی مدت، دس جولائی تک بڑھا دیئے جانے کی خبر دی ہے- انھوں نے کہا ہے کہ وزرائے خارجہ ویانا سے واپس چلے جائیں گے تاہم ان کی گفتگو کا سلسلہ مزید چند روز جاری رہے گا-