لکھنؤ(نامہ نگار)اندرا نگر واقع جوالہ نرسنگ ہوم کے مالک کے گھر سے ان کی لائسنسی پستول اور زیورات چوری کرنے والے ملازم کو غازی پور پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے چوری کی گئی ریوالور اور لاکھوں روپئے کے دو سونے کے ہار برآمد کئے ہیں۔
انسپکٹر غازی پور اجیت سنگھ چوہان نے بتایا کہ اندرا نگر کے سیکٹر ڈی میں رہنے والے کامیشور پرساد کا جوالہ نرسنگ ہوم ہے۔ گذشتہ ۱۱؍اکتوبر کو ان کے گھر کی ایک الماری سے ان کی غیر ملکی پستول، لاکھوں روپئے کی قیمت کے سونے کے ہار اورکان کی بالی چوری ہو گئیں۔ اس معاملہ میں کامیشور پرساد نے غازی پور تھانہ میں چوری کی رپورٹ بھی درج کرائی۔ پولیس نے جب تفتیش شروع کی تو گھر میں آنے جانے والوں پر شک پیدا ہوا اس کے بعد پولیس نے کامیشور کے گھر آنے جانے والوں سے پوچھ گچھ کی۔ پوچھ گچھ کے دوران کامیشورپرساد کے گھر پر کام کرنے
والے نیشو نگم پر پولیس کو شک ہو گیا۔ پولیس نے جب اس سے پوچھ گچھ کی تو اس نے پولیس کو گمراہ کرنے کی کوشش کی لیکن سختی کرنے پر اس نے بتایا کہ چوری اسی نے کی تھی۔ اس کے بعد پولیس نے ملزم نیشو کے قبضے سے کامیشور پرساد کے گھر سے چوری کی گئی سات لاکھ روپئے قیمت کی غیر ملکی پستول، تین لاکھ کا سونے کا ہاراور آٹھ ہزار روپئے قیمت کی سونے کی بالی برآمد کی۔ملزم نیشو سیتاپور کا رہنے والا ہے اور موجودہ وقت میں علی گنج علاقہ میں رہتا ہے۔ ملزم نے چوری کی گئی پستول کو اپنے بھائی اور زیورات اپنی بیوی کو دے دیئے تھے۔تفتیش کے دوران پولیس کو اس بات کا بھی پتہ چلا کہ ملزم نیشو اس سے قبل ڈاکٹر سروج کے گھر پر ملازمت کرتا تھا اور وہاں بھی اس نے کچھ اسی طرح سامان چوری کیا تھا۔