علی گڑھ (نامہ نگار)علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج کے آئی سی یو میں پہلی مرتبہ ڈائلیسس کی مشین لگائی گئی ہے جس کے ذریعہ آئی سی یو میں داخل ایک مریض کی، جو وینٹیلیٹر پر تھا، ڈائلیسس عمل میں آئی۔ ڈائلیسس کی یہ سہولت مغربی اترپردیش کے بہت کم ہسپتالوں میں پائی جاتی ہے۔ یہ سہولت ان مریضوں کے علاج میں بہت مؤثر ثابت ہوگی جن کو تشویشناک حالت کے سبب وینٹیلیٹر پر رکھا گیا ہے۔
اینستھیسیولوجی اینڈ کرٹیکل کیئر شعبہ جے این میڈیکل کالج کی انتظامیہ کے تعاون سے گزشتہ کئی دہائیوں سے آئی سی یو کی سہولت مہیا کرا رہا ہے۔ بارہ بستروں پر مشتمل آئی سی یو میں وینٹیلیٹر، کارڈئیک آؤٹ پٹ مانیٹر، الٹرا سونو گرافی، ایکو کارڈیو گرافی، برانکو اسکوپی، موبائل ایکسرے مشین جیسی جدید سہولیات موجود ہیں۔ آئی سی یو میں رینل فیلیور سے متاثر مریضوں کے علاج کا نظم بھی موجود ہے جن کو ان کی نازک حالت کے سبب ڈائلیسس کے لئے دوسری جگہ منتقل نہیں کیا جاسکتا۔جے این میڈیکل کالج کے آئی سی یو میں ڈائلیسس مشین کی یہ سہولت یونیورسٹی انتظامیہ، میڈیکل کالج انتظامیہ کے تعاون اوراینستھیسیولوجی اینڈ کرٹیکل کیئر شعبہ کے اسٹاف کی کاوشوں کا نتیجہ ہے۔